کاماریڈی پولیس کی بڑی کارروائی، ‘آپریشن کوَچ’ میں غیر قانونی شکار کرنے والے گینگ کے 8 افراد گرفتار
کاماریڈی سے سید کوثر علی کی رپورٹ
کاماریڈی، 26 /جون 2026 (تلنگانہ وائس) کاماریڈی ضلع پولیس نے "آپریشن کوَچ” کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے جنگلی جانوروں کے غیر قانونی شکار میں ملوث آٹھ رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے پانچ دیسی بندوقیں، ایک ایئر گن، شکار میں استعمال ہونے والا بھاری سامان اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا، آئی پی ایس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام، جرائم پر قابو پانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے "آپریشن کوَچ” جاری ہے، جس کے تحت گاندھاری پولیس نے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 24 جون کی رات گاندھاری پولیس، ایس آئی مہندر کی قیادت میں مونڈی سڑک چوراہے پر گاڑیوں کی تلاشی لے رہی تھی۔ اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ افراد پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے، تاہم پولیس نے تعاقب کرکے انہیں گرفتار کر لیا۔
تلاشی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو دیسی بندوقیں، گن پاؤڈر، پوٹاش، اسٹیل پیلیٹس، فیلٹس اور دیگر شکار کا سامان برآمد ہوا۔ پوچھ گچھ میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ جنگلی جانوروں کے شکار کے لیے غیر قانونی طور پر بندوقیں خرید کر استعمال کرتے تھے، تاہم بارش کے باعث شکار نہ کر سکے اور واپسی کے دوران پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔
ایس پی کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے مزید تحقیقات کے دوران تین مزید دیسی بندوقیں، ایک ایئر گن، تین بیرل، تین ٹرگر میکانزم اور دیگر اسلحہ و شکار کا سامان بھی برآمد کیا۔ اس کارروائی میں اسلحہ سپلائی کرنے والے مرکزی ملزم سمیت مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ آٹھوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے پانچ دیسی بندوقیں، ایک ایئر گن، تین بیرل، تین ٹرگر میکانزم، گن پاؤڈر، اسٹیل پیلیٹس، پوٹاش، فیلٹس اور دو موٹر سائیکلیں ضبط کی ہیں۔
اشتہار۔ ۔۔۔۔۔Advertisment

ایس پی ایم راجیش چندرا نے کامیاب کارروائی انجام دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو نقد انعامات سے نوازا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع میں غیر قانونی اسلحہ اور جنگلی جانوروں کے شکار کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ "آپریشن کوَچ” کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

