عادل آباد میں "رعیتو بھروسہ” اسکیم کا شاندار آغاز، کسانوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ۔ ضلع  کلکٹر راجرشی شاہ

عادل آباد میں "رعیتو بھروسہ” اسکیم کا شاندار آغاز، کسانوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ۔ ضلع  کلکٹر راجرشی شاہ

عادل آباد، یکم/ جولائی (تلنگانہ وائس ڈیجیٹل) حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے کسانوں کی معاشی خودکفالت اور زرعی ترقی کے لیے شروع کی گئی "رعیتوبھروسہ” اسکیم کا ضلع عادل آباد کے گڈی ہتنور منڈل کے سیتا گوندی گاؤں میں واقع رعیتو ویدیکا پر شاندار افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ریاست بھر میں اس اہم اسکیم کا باضابطہ آغاز کیا، جبکہ ضلع کلکٹر راجرشاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے افتتاحی تقریب میں حصہ لیا۔

ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت مکمل طور پر کسان دوست حکومت ہے اور کسانوں کی خوشحالی ہی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں کسانوں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہیں دور کرنے اور زراعت کو منافع بخش بنانے کے لیے "رعیتو بھروسہ” اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام اہل کسانوں اور کرایہ پر کاشت کرنے والے کسانوں کے بینک کھاتوں میں بغیر کسی امتیاز اور دلالوں کی مداخلت کے براہِ راست سرمایہ جاتی امداد منتقل کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت نہ صرف کسانوں کو سرمایہ فراہم کر رہی ہے بلکہ بروقت بیج، کھاد اور دیگر زرعی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ مایوس نہ ہوں کیونکہ عوامی حکومت ہر مرحلے پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

بعد ازاں ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کو قرض کے بوجھ سے بچانے اور بروقت سرمایہ فراہم کرنے کے مقصد سے اس اسکیم پر عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "رعیتوبھروسہ” اسکیم کے تحت ہر مستحق کسان کو مکمل شفافیت کے ساتھ فائدہ پہنچایا جائے گا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ عمل درآمد میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ اس مالی امداد کو زرعی ترقی کے لیے استعمال کریں اور روایتی طریقۂ کاشت کے ساتھ جدید زرعی ٹیکنالوجی کو بھی اختیار کریں تاکہ بہتر پیداوار اور زیادہ منافع حاصل کیا جا سکے۔

تقریب کے دوران متعدد کسانوں اور عوامی نمائندوں نے حکومت کی "رعیتوبھروسہ” اسکیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کسانوں کے لیے مفید اقدام قرار دیا۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر نے کسانوں میں کپاس کے بیجوں کے تھیلے بھی تقسیم کیے۔

اس پروگرام میں ضلع زرعی افسر رویندر سنگھ، تحصیلدار کویتا ریڈی، سرپنچ انسویا، محکمہ زراعت، باغبانی اور دیگر مختلف محکموں کے افسران، ملازمین، کسانوں اور بڑی تعداد میں دیہی عوام نے شرکت کی۔