عادل آباد: گورنمنٹ ڈگری کالج آرٹس اینڈ کامرس میں شریف النساء بیگم کی باوقار الوداعی تقریب، 33 سالہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین
عادل آباد، یکم/ جولائی(تلنگانہ وائس ڈیجیٹل) گورنمنٹ ڈگری کالج آرٹس اینڈ کامرس، عادل آباد میں آفس سب آرڈنیٹ محترمہ شریف النساء بیگم کی وظیفۂ حسنِ خدمت پر سبکدوشی کے موقع پر ایک پُروقار الوداعی و تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت کالج کی پرنسپل ڈاکٹر عتیق بیگم نے کی، جبکہ گورنمنٹ ڈگری کالج سائنس کی پرنسپل پروفیسر سنگیتا اور سابق میں گورنمنٹ ڈگری کالج آرٹس کی پرنسل رہ چکی انیتا نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملہ، مختلف شعبوں کے لیکچررس، ریٹائرڈ ملازمین، عزیز و اقارب، خاندان کے افراد اور دوست احباب کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مقررین نے شریف النساء بیگم کی 33 سالہ مخلصانہ، دیانتدارانہ اور فرض شناسانہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری ملازمت کے دوران خاموشی، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ ادارے کی خدمت انجام دی اور تمام ساتھیوں کے دلوں میں عزت و احترام کا مقام حاصل کیا۔

اس موقع پر مقررین نے بتایا کہ شریف النساء بیگم نے اپنے شوہر کے انتقال کے بعد سال 1993 میں گورنمنٹ ڈگری کالج سائنس، عادل آباد میں آفس سب آرڈنیٹ (Office Subordinate) کی حیثیت سے سرکاری ملازمت کا آغاز کیا۔ ملازمت کے دوران مختلف کالجوں میں تبادلے ہوتے رہے، تاہم ہر مقام پر انہوں نے ایمانداری اور خوش اخلاقی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے۔ بالآخر 30 جون 2026 کو وہ باعزت طور پر وظیفۂ حسنِ خدمت پر سبکدوش ہوئیں۔

تقریب کے دوران مقررین نے ان کی نجی زندگی کی جدوجہد کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کے انتقال کے بعد انہوں نے ملازمت کے ساتھ ساتھ پانچ بیٹیوں اور ایک بیٹے کی بہترین پرورش کی، ان کی تعلیم و تربیت اور شادیوں کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی۔ زندگی کی سخت آزمائشوں کے باوجود انہوں نے کبھی اپنے فرائض سے غفلت نہیں برتی، جو ان کے عزم، حوصلے اور کردار کی روشن مثال ہے۔

اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر عتیق بیگم، پرنسپل پروفیسر انیتا، لیکچررس، ملازمین اور خاندان کے افراد نے شریف النساء بیگم کو شال پوشی، گلپوشی اور یادگاری تحائف پیش کرتے ہوئے وظیفۂ حسنِ خدمت پر دلی مبارکباد دی۔ مقررین نے ان کی آئندہ زندگی کے لیے صحت، سکون، خوشحالی اور درازیٔ عمر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ ادارے کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

اپنے خطاب میں شریف النساء بیگم نے کالج انتظامیہ، ساتھی ملازمین، اساتذہ اور تمام خیرخواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی پوری ملازمت کے دوران سب کا بھرپور تعاون اور محبت حاصل رہی، جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

