سماج میں پولیس کے وقار میں اضافہ اور جرائم کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن

سماج میں پولیس کے وقار میں اضافہ اور جرائم کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے

بھیم پور پولیس اسٹیشن کے سالانہ معائنہ کے موقع پر ضلع ایس پی اکھل مہاجن کی ہدایات

عادل آباد، 7 /جون (تلنگانہ وائس)

ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ داری کے ساتھ پیش آئیں تاکہ پولیس کے تئیں عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے ہدایت دی کہ منڈل میں غیر سماجی سرگرمیوں، منشیات، گانجہ، دیسی شراب اور غیر قانونی نقل و حمل کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اتوار کے روز سالانہ معائنہ کے سلسلہ میں بھیم پور پولیس اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے ایس پی نے سب سے پہلے پولیس عملہ کی جانب سے پیش کردہ گارڈ آف آنر قبول کیا اور ایس آئی پیر سنگھ کی قیادت میں منعقدہ پریڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پریڈ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی تلقین کی۔

ایس پی نے پولیس اسٹیشن کے احاطہ کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی اور احاطہ میں ایک پودا لگا کر شجرکاری اور سرسبزی کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ شام کے اوقات میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم کو مؤثر انداز میں چلایا جائے تاکہ سڑک حادثات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ گانجہ، دیسی شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء کے خلاف عوامی بیداری پیدا کی جائے اور منڈل کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جائیں۔ سرحدی علاقہ ہونے کے سبب مہاراشٹرا سے ہونے والی ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں اور اسمگلنگ پر کڑی نگرانی رکھنے کی بھی تاکید کی گئی۔

اکھل مہاجن نے کہا کہ بیٹ سسٹم کو مضبوط بنایا جائے اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے وی پی او نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کرتے ہوئے دیہی سطح پر معلوماتی نیٹ ورک کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایس پی نے پولیس اسٹیشن کے ریکارڈس کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام رجسٹرس اور دستاویزات کو بروقت اپ ڈیٹ رکھا جائے اور کوئی زیر التواء معاملہ باقی نہ رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی مجرم کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن آنے والے متاثرین کے ساتھ ہمدردانہ اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے، ان کے مسائل کو فوری حل کرتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے تاکہ عوام میں پولیس کے تئیں احترام اور اعتماد مزید مستحکم ہوسکے۔

اس موقع پر عادل آباد ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، جینتھ سرکل انسپکٹر جی شراون، بھیم پور ایس آئی بی پیر سنگھ اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔

#Telangananews

#Police

#Crimenews

#adilabad