انسانیت کی خدمت، محبت اور بھائی چارہ ہی اسلامی معاشرے کی اصل روح
تحریر ۔ حافظ محمد منظور احمد صدر تنظیم آئمہ و موذنین ضلع عادل آباد

اسلام ایک ایسا کامل دین ہے جو صرف عبادات ہی نہیں بلکہ انسانوں کے ساتھ حسنِ سلوک، محبت، بھائی چارہ، ایک دوسرے کی مدد، تحائف کا تبادلہ اور ضرورت مندوں کی خبرگیری کی بھی تعلیم دیتا ہے۔ آج کے دور میں جب معاشرہ نفرت، خود غرضی اور بے حسی کا شکار ہوتا جا رہا ہے، ایسے وقت میں قرآنِ کریم اور احادیثِ نبویؐ ہمیں انسانیت کی خدمت اور آپسی محبت کا روشن پیغام دیتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے: "نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کرو۔” (سورۃ المائدہ: 2)۔ ایک اور مقام پر فرمایا: "اللہ انصاف، احسان اور رشتہ داروں کو دینے کا حکم دیتا ہے۔” (سورۃ النحل: 90)۔
حضرت محمد ﷺ نے فرمایا: "تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک اپنے بھائی کے لیے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔” (صحیح بخاری، صحیح مسلم)۔ ایک اور حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا: "آپس میں تحفے دیا کرو، اس سے محبت بڑھتی ہے۔” (موطا امام مالک)۔
اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ کسی بھوکے کو کھانا کھلانا، بیمار کی عیادت کرنا، یتیم اور بیوہ کی مدد کرنا، پڑوسی کا خیال رکھنا، مسافر کی اعانت کرنا اور پریشان حال انسان کے چہرے پر مسکراہٹ لانا بھی عظیم عبادت ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "لوگوں میں بہترین شخص وہ ہے جو لوگوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچائے۔” (المعجم الاوسط للطبرانی)
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ذات، مذہب، زبان اور علاقے کے اختلافات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ اگر معاشرے کا ہر فرد اپنے آس پاس کے لوگوں کا خیال رکھے، ضرورت مندوں کی مدد کرے، محبت اور اخوت کو فروغ دے اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہو تو معاشرہ امن، بھائی چارے اور خوشحالی کا گہوارہ بن سکتا ہے۔
اسلام کا اصل پیغام محبت، رحم، ایثار اور انسانیت کی خدمت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ قرآن و سنت کی ان تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں، محلوں اور معاشرے میں محبت، احترام، تعاون اور اخوت کی فضا قائم کریں۔ یہی ایک مضبوط، خوشحال اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہے، اور یہی دینِ اسلام کی حقیقی روح بھی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
علماء کرام، حفاظِ عظام، آئمہ مساجد اور اہلِ قلم سے خصوصی گزارش
تلنگانہ وائس نیوز پورٹل علماء کرام، حفاظِ عظام، آئمہ مساجد، اساتذہ اور مضمون نگار حضرات سے مؤدبانہ گزارش کرتا ہے کہ دینی، اصلاحی، تعلیمی، سماجی اور اخلاقی موضوعات پر اپنے قیمتی مضامین ہمیں ارسال فرمائیں۔
آپ کے منتخب مضامین کو "تلنگانہ وائس” نیوز پورٹل پر شائع کرکے ہزاروں قارئین تک پہنچایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کی علمی و ادبی خدمات کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔ یہ خدمت خالصتاً رضائے الٰہی اور عوامی فائدے کے جذبے کے تحت انجام دی جا رہی ہے۔
مضمون ارسال کرتے وقت درج ذیل معلومات ضرور شامل کریں:
– مکمل نام
– مختصر تعارف
– شہر/علاقہ
– موبائل نمبر

