چوری شدہ تانبے کی تاروں کی خرید و فروخت کا پردہ فاش، 6 ملزمان گرفتار موالا پولیس کی کارروائی، 3.55 لاکھ روپے مالیت کی 296 کلو تانبے کی تاریں، بولیرو پک اپ اور موبائل فون ضبط

چوری شدہ تانبے کی تاروں کی خرید و فروخت کا پردہ فاش، 6 ملزمان گرفتار

موالا پولیس کی کارروائی، 3.55 لاکھ روپے مالیت کی 296 کلو تانبے کی تاریں، بولیرو پک اپ اور موبائل فون ضبط

عادل آباد، 7/ جولائی(تلنگانہ وائس) موالا پولیس نے چوری شدہ سامان کی خرید و فروخت اور غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان ضبط کرلیا۔ پولیس کارروائی میں 296 کلو گرام تانبے کی تاریں، ایک بولیرو میکس پک اپ گاڑی اور پانچ موبائل فون برآمد کیے گئے۔

موالا پولیس اسٹیشن انسپکٹر بی ڈی پریم کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ، خفیہ اطلاع پر پولیس نے دسناپور کے پٹلواڑہ علاقے میں گاڑیوں کی تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران ایک مشتبہ بولیرو میکس پک اپ گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی، جس میں لوہے کے اسکریپ کے ساتھ 17 تھیلوں میں رکھی 296 کلو گرام تانبے کی تاریں برآمد ہوئیں۔ ضبط شدہ سامان کی مالیت تقریباً 3 لاکھ 55 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ شیخ ایوب ساکن نظام آباد چوری شدہ تانبے کی تاریں جانتے ہوئے خرید کر انہیں نظام آباد منتقل کر کے فروخت کرتا تھا۔ اس کام میں شیخ عامر اس کا معاون تھا۔

پولیس نے مزید تحقیقات کے دوران اسکریپ کاروبار سے وابستہ محمد عبدالمتین عرف توفیق ساکن دسناپور، محمد عمران الدین ساکن پٹلواڑہ روڈ دسناپور، محمد جاوید اور محمد فیض الدین ساکنان پنجیشاہ محلہ کو بھی گرفتار کیا، جو مبینہ طور پر چوری شدہ تانبے کی تاروں کی خرید و فروخت میں ملوث تھے۔

گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بولیرو میکس پک اپ گاڑی، 17 تھیلوں میں موجود تانبے کی تاریں اور پانچ موبائل فون ضبط کیے گئے۔ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

موالا پولیس کے مطابق چوری شدہ املاک کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔