ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی میں غفلت برداشت نہیں ہوگی ۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ

عادل آباد، 7/ جولائی (تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) کا عمل مکمل شفافیت، درستگی اور مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ ہر اہل شہری کو حقِ رائے دہی حاصل ہو سکے۔

منگل کے روز ضلع کلکٹر نے بھیم پور منڈل اور گونا گرام پنچایت میں جاری ووٹر لسٹ نظرِ ثانی کے عمل کا موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ انہوں نے سپروائزروں اور بی ایل اوز سے گاؤں وار ووٹر لسٹ کا جائزہ لیتے ہوئے غیر حاضر، دوسرے علاقوں کو منتقل ہونے والے اور فوت شدہ ووٹروں کی تفصیلات دریافت کیں اور متعلقہ ریکارڈ کا خود بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے دوران کسی بھی قسم کی غلطی یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام نئے ووٹروں سے فارم-6 کے ذریعے درخواستیں حاصل کر کے ان کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے جائیں تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔

بعد ازاں کلکٹر راجرشی شاہ نے گونا گرام پنچایت کے احاطے میں پودا لگا کر اس کی آبیاری کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماحولیات کے تحفظ اور سرسبز و شاداب مستقبل کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں۔

اس معائنے کے دوران تحصیلدار رمیش، سپروائزر نرسمہولو اور وجئے کمار، مقامی سرپنچ رنجانا، بی ایل اوز، محکمہ ریونیو کے اہلکار، ووٹرس اور دیگر دیہاتی بھی موجود تھے۔