عادل آباد میں دوہرے ووٹ ختم کرنے کی ہدایت، کلکٹر راجرشی شاہ کی سیاسی جماعتوں سے بیداری مہم چلانے کی اپیل

عادل آباد۔23/جولائی(تلنگانہ وائس)

ضلع کلکٹر عادل آباد راجرشی شاہ نے کہا ہے کہ جن ووٹروں کے نام دو مختلف مقامات پر ووٹر فہرست میں درج ہیں، وہ فوری طور پر ایک ہی مقام پر اپنا ووٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کریں اور دوسرے مقام سے ووٹ حذف کرانے کے لیے اینومریشن فارم آئندہ دو تا تین دنوں کے اندر متعلقہ بوتھ لیول آفیسر (BLO) کے حوالے کریں۔

وہ جمعرات کو کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں خصوصی ووٹر فہرست نظرثانی (SIR) اور پولنگ مراکز کی تنظیمِ نو کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

Advertising

کلکٹر نے کہا کہ ہر شہری کو صرف ایک ہی مقام پر ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے، دو مقامات پر ووٹ برقرار رکھنا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ عوام میں اس سلسلے میں وسیع بیداری پیدا کریں۔

Advertising

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں ضلع کی ووٹر فہرست میں موجود خامیاں کافی حد تک کم ہو چکی ہیں۔ دیہی علاقوں میں کوئی خاص مسئلہ نہیں ہے، جبکہ ماول اور عادل آباد اربن علاقوں میں معمولی فرق کی نشاندہی ہوئی ہے۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز کی تنظیمِ نو کے تحت صرف اُن مراکز پر غور کیا جا رہا ہے جہاں 2025 کی ووٹر فہرست کے مطابق 1200 سے زائد ووٹرز موجود ہیں۔ اس سلسلے میں ضروری پروفارما سیاسی جماعتوں کو پہلے ہی فراہم کیے جا چکے ہیں۔ فوت شدہ اور منتقل شدہ ووٹروں کے نام حذف ہونے کے بعد حتمی تعداد کی بنیاد پر ہی نئے مراکز کی ضرورت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

کلکٹر نے بتایا کہ خصوصی ووٹر فہرست نظرثانی کے دوران اینومریشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور نشاندہی شدہ خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اینومریشن فارم جمع کرانے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے مختلف تجاویز اور شکوک و شبہات پیش کیے، جن پر کلکٹر نے یقین دلایا کہ انتخابی قوانین کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر آر ایس چترو، آر ڈی او جگدیشور راؤ، تحصیلدار سرینواس، الیکشن سپروائزر نلندا پریا، اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے راکیش، بندی دتاتریہ، گوڈی پلی ناگیش، محمد زکریا، دیپک، آکولا رامو سمیت دیگر شریک تھے۔