بی جے پی کی مبینہ ووٹ حذف کرنے کی سازش کو ناکام بنائیں: کانگریس قائدین
Congress Party Holds Important Meeting on SIR Process in Adilabad
عادل آباد۔ 13/جون (تلنگانہ وائس)
عادل آباد میں بی ایل اے-2 کارکنان کے لیے تربیتی و بیداری اجلاس، ٹی پی سی سی کوآرڈینیٹرس کی شرکت
ٹی پی سی سی کوآرڈینیٹر نریش راتھوڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے عمل کے دوران ملک میں اپوزیشن جماعتوں کے ووٹ خطرے میں پڑ گئے ہیں اور بڑے پیمانے پر ووٹوں کی چوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنان کو اپنے ووٹوں کی میپنگ مکمل کرتے ہوئے ہر ووٹر کے حق رائے دہی کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔

عادل آباد شہر میں کندی سرینواس ریڈی کیمپ آفس میں منعقدہ بی ایل اے-2 تربیتی و آگاہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نریش راتھوڑ نے کہا کہ بی جے پی الیکشن کمیشن آف انڈیا کو آڑ بنا کر منصوبہ بند انداز میں اپنے مخالف ووٹوں کو حذف کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں الیکشن کمیشن کی تقرری کے طریقۂ کار میں کی گئی تبدیلیوں کے بعد ادارے کی شفافیت پر عوام میں شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ووٹر کو اپنے نام کی جانچ کرتے ہوئے ووٹوں کی میپنگ مکمل کرنی چاہیے تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر انتخابی فہرست سے خارج نہ ہو۔ نریش راتھوڑ نے کہا کہ پارٹی کے ووٹوں کے تحفظ اور انتخابی فہرستوں کی نگرانی میں بی ایل اے-2 کارکنان کا کردار نہایت اہم ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسمبلی حلقہ انچارج کندی سرینواس ریڈی کی اہلیہ کندی مونا سرینواس ریڈی نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت مبینہ طور پر اپوزیشن کے ووٹوں کو حذف کرنے کی سازش کررہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف ریاستوں میں لاکھوں ووٹ حذف کیے گئے جس سے اپوزیشن جماعتوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ متحد ہوکر ووٹوں کے تحفظ کے لیے سرگرم کردار ادا کریں اور کانگریس پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کریں۔

ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نریش جادھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس کے حامی ووٹروں کے نام حذف کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانا کارکنان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2002 کو بنیاد بنا کر جاری ایس آئی آر عمل کے دوران ہر ووٹر کو اپنے ووٹ کی حیثیت معلوم کرکے اسے محفوظ بنانا چاہیے۔

انہوں نے خاص طور پر اقلیتی اور خواتین ووٹروں کے ناموں کی تصدیق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عادل آباد اسمبلی حلقہ میں اب بھی تقریباً 91 ہزار ووٹوں کی میپنگ باقی ہے جبکہ 42 ہزار ووٹ سوالیہ نشان کے دائرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بھی ووٹ ضائع نہ ہونے پائے، اس کے لیے بی ایل اے-2 کارکنان کو متحرک اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر نریش جادھو نے خبردار کیا کہ پارٹی کے عہدے دار اگر ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوتاہی کریں گے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر دس بوتھوں کے لیے ایک سپروائزر مقرر کیا جائے گا اور ایس آئی آر کے عمل سے واقف رضاکارانہ جذبہ رکھنے والے کارکنان اپنے نام درج کروائیں۔

عادل آباد میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے تمام کارکنان کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ووٹ کی غیرمعمولی اہمیت ہے اور ہر شہری کو اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے سنجیدہ رہنا چاہیے۔ انہوں نے خواتین کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے نافذ کی جانے والی فلاحی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے پر بھی زور دیا۔
اشتہار۔ ۔۔۔۔Advertisment

بعد ازاں ٹی پی سی سی کوآرڈینیٹرس نے بڑی اسکرین کے ذریعے ایس آئی آر عمل پر تفصیلی تربیت اور آگاہی فراہم کی۔

اس موقع پر اسمبلی حلقہ کوآرڈینیٹر بالوری گووردھن ریڈی، مارکیٹ کمیٹی چیئرمین بورنچو سری کانت ریڈی، آتما کمیٹی چیئرمین گمّا سنتوش، ساجد خان، اللوری سنجیو ریڈی،ٹاون صدر خضر پاشا، شانتن راؤ، سدھاکر گوڑ، دیپک راؤ، کونڈا گنگادھر، پرمیشور، بولارم بابنّا، بلدی کونسلرس، ڈی سی سی عہدیداران، منڈل صدور، سیکریٹریز، بی ایل اے کارکنان اور کانگریس کے متعدد قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔

