بارشوں کے دوران غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، لاپرواہ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

بارشوں کے دوران غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، لاپرواہ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

حیدرآباد، 15/ جون(ڈیسک/ تلنگانہ وائس)

وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے ریاست بھر کے افسران اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ مون سون سیزن کے دوران مکمل چوکسی اختیار کریں اور عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آنے دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارشوں کے دوران لاپرواہی یا غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہوگی۔

وزیر اعلیٰ نے پیر کے روز ایم سی آر ایچ آر ڈی کے بودھی پویلین میں مون سون تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں راجیہ سبھا رکن وی نارندر ریڈی، سرکاری مشیر سدرشن ریڈی، چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ، ڈی جی پی سی وی آنند اور آبپاشی، بلدی نظم و نسق، صحت، پولیس، زراعت اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

وزیر اعلیٰ نے 9 جون کو حیدرآباد اور سائبرآباد کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگی وارننگ کے باوجود بلدی، ٹریفک اور پولیس عملہ مؤثر انداز میں متحرک نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث عوام کو شدید ٹریفک جام اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ واقعہ کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران بلدیہ، ہائیڈرا، ٹریفک، پولیس، آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمین فیلڈ سطح پر موجود رہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پولیس کمشنر سے لے کر نچلی سطح کے عملے تک سبھی کو سڑکوں پر آنا ہوگا۔ انہوں نے ٹریفک محکمہ میں موجود خالی آسامیوں کو فوری پُر کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے بارشوں کے دوران درخت گرنے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کے واقعات پر بھی ناراضگی ظاہر کی اور محکمہ برقیات کو فوری بحالی کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ ضرورت کے مطابق موبائل ٹرانسفارمرس نصب کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

آبپاشی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے تمام پراجکٹس کو آپریشن مینول کے مطابق چلانے اور انجینئروں کو بارشوں کے موسم میں منصوبوں کے مقامات پر ہی قیام کرنے کی ہدایت دی۔ بغیر اجازت مقام چھوڑنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ بھی دیا گیا۔

زرعی سیزن کے آغاز کے پیش نظر وزیر اعلیٰ نے کسانوں کو معیاری بیج اور یوریا کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے یوریا کی تقسیم رعیتو ویدیکا مراکز کے ذریعے کرنے اور کسانوں میں منظور شدہ بیجوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔

ریونت ریڈی نے پینے کے پانی کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ کے حکام باقاعدگی سے پانی کے نمونوں کی جانچ کریں۔ انہوں نے محکمہ صحت کو بھی موسمی اور آبی امراض سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے، ادویات کا ذخیرہ برقرار رکھنے اور صفائی ستھرائی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔

وزیر اعلیٰ نے خصوصی چیف سکریٹری جیش رنجن کو بلدی نظم و نسق، واٹر بورڈ اور محکمہ صحت کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کا حکم دیا جبکہ ڈی جی پی کو پولیس، ٹریفک، فائر سروسز، ہائیڈرا اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے ساتھ باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوامی سلامتی اور سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی غفلت کے سبب پیدا ہونے والی مشکلات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔