جعلی چیسس و انجن نمبروں سے گاڑی رجسٹریشن کی کوشش ناکام، تین ملزمان گرفتار

جعلی چیسس و انجن نمبروں سے گاڑی رجسٹریشن کی کوشش ناکام، تین ملزمان گرفتار

ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی کی پریس کانفرنس، جعلسازی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

عادل آباد، 1٧/  جون (تلنگانہ وائس ڈیسک)

عادل آباد ضلع کے بوتھ پولیس اسٹیشن کی حدود میں جعلی چیسس اور انجن نمبروں کے ذریعے گاڑی رجسٹریشن کروانے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عادل آباد کے ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے بتایا کہ ملزمان نے فرضی دستاویزات اور جعلی نمبرنگ کے ذریعے سرکاری ریکارڈ میں دھوکہ دہی کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ 13 جون کی صبح کورومنڈل جنکشن، بوتھ کے قریب پولیس معمول کی گاڑیوں کی تلاشی مہم میں مصروف تھی۔ اسی دوران ایک مہیندرا میکس گاڑی پولیس کو دیکھ کر اچانک واپس مڑنے لگی، جس پر پولیس کو شبہ ہوا اور گاڑی کو روک کر جانچ کی گئی۔

پولیس تحقیقات کے دوران گاڑی کے چیسس اور انجن نمبروں میں رد و بدل اور جعلسازی کے شواہد سامنے آئے۔ گاڑی چلا رہے ملزم ایس کے نعیم (37) ساکن سونالا، منڈل بوتھ سے سخت پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ گاڑی مہاراشٹر کے لاتور سے خریدی تھی۔ چونکہ گاڑی کے اصل دستاویزات موجود نہیں تھے، اس لیے تلنگانہ میں رجسٹریشن حاصل کرنے کے مقصد سے ایک اسکریپ شدہ گاڑی کے کاغذات استعمال کرتے ہوئے جعلی ریکارڈ تیار کیا گیا۔

تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ ملزم ماکونور وجئے کمار نے گاڑی کے اصل چیسس اور انجن نمبروں کو مٹا کر جعلی ویلڈنگ اور نئی نمبرنگ کی تھی، جبکہ پیندور اندرو نے اسکریپ میں جا چکی گاڑی کے دستاویزات دس ہزار روپے کے عوض فراہم کیے تھے، جن کی بنیاد پر فرضی کاغذات تیار کیے گئے۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔۔Advertisment

ڈی ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے کرائم نمبر 140/2026 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور انہیں عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ معاملے کے تمام پہلوؤں، خصوصاً سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی، فرضی دستاویزات کی تیاری اور گاڑیوں کی شناختی تفصیلات میں رد و بدل کے الزامات کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔

اشتہار

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انجن یا چیسس نمبروں میں رد و بدل شدہ گاڑیاں خریدنے سے گریز کریں اور کسی بھی استعمال شدہ گاڑی کی خریداری سے قبل آر سی بک اور دیگر اصل دستاویزات کی مکمل جانچ ضرور کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس قسم کی جعلسازی میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے اس کامیاب کارروائی میں اہم کردار ادا کرنے والے سی آئی ڈی گرو سوامی، ایس آئی وی پروشوتم، ہیڈ کانسٹیبل مدن اور دیگر پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔