الیکشن کمیشن کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار مستعفی ہوں ۔ ڈاکٹر نریش جادھو ایس آئی آر عمل میں شفافیت اور ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ، انڈیا اتحاد کا کلکٹریٹ کے سامنے زبردست احتجاج و دھرنا

الیکشن کمیشن کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار مستعفی ہوں ۔ ڈاکٹر نریش جادھو

ایس آئی آر عمل میں شفافیت اور ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ، انڈیا اتحاد کا کلکٹریٹ کے سامنے زبردست احتجاج و دھرنا

عادل آباد۔6/اکتوبر(تلنگانہ وائس) الیکشن کمیشن کی کارکردگی، ووٹر فہرستوں کی نظرثانی اور جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے عمل میں مبینہ عدم شفافیت کے خلاف انڈیا اتحاد کی جانب سے منگل کے روز عادل آباد کلکٹریٹ کے سامنے زبردست احتجاج اور دھرنا منظم کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت ضلع کانگریس صدر ڈاکٹر نریش جادھو نے کی۔

 

اس موقع پر ضلع کانگریس دفتر سے ڈاکٹر نریش جادھو، عادل آباد اسمبلی حلقہ انچارج کَندی سرینواس ریڈی، بوتھ اسمبلی حلقہ انچارج آڑے گجیندر، سابق ٹی پی سی سی جنرل سکریٹری گنڈرَتھ سجاتا، سابق مارکیٹ چیئرمین الوری سنجیو ریڈی،ٹاون صدر خضر پاشاہ، عادل آباد مارکیٹ چیئرمین بورَنچو شری کانت ریڈی اور انڈیا اتحاد میں شامل مختلف جماعتوں کے قائدین و کارکنوں نے بڑی تعداد میں ریالی نکالتے ہوئے کلکٹریٹ پہنچ کر احتجاج کیا۔

کلکٹریٹ کے سامنے منعقدہ دھرنے کے دوران مظاہرین نے "چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار استعفیٰ دو”، "ووٹ چور گدی چھوڑ”، "مودی ڈاؤن ڈاؤن” جیسے نعرے لگاتے ہوئے مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کیا۔

Advertising

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نریش جادھو نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت آئینی اداروں کی خودمختاری کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے انتخابی نظام کو متاثر کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے انتخابی عمل مکمل طور پر شفاف اور غیر جانب دار ہونا چاہیے۔

Advertising

ڈاکٹر نریش جادھو نے حالیہ تحقیقاتی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان رپورٹس کے مطابق الیکشن کمشنرس سکھبیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی نے گزشتہ دس ماہ کے دوران مختلف مواقع پر الیکشن کمیشن کے فیصلوں اور احکامات پر باضابطہ طور پر اعتراضات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان تمام معاملات کی مکمل تفصیلات الیکشن کمیشن کی جانب سے عوام کے سامنے شفاف انداز میں پیش کی جائیں۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ SIR کے دوران کسی بھی اہل ووٹر کا نام ناانصافی کے ساتھ ووٹر فہرست سے حذف نہیں کیا جانا چاہیے۔ کسی ووٹر کا نام حذف کرنے سے قبل اسے مناسب نوٹس جاری کیا جائے اور اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کا حق جمہوریت کی بنیاد ہے اور اس حق کا تحفظ الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

 

ڈاکٹر نریش جادھو نے الیکشن کمیشن کی ساکھ، ادارہ جاتی خودمختاری اور عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الیکشن کمشنروں کے درمیان مبینہ طور پر سامنے آنے والے اختلافات، متعلقہ فائلوں، داخلی نوٹس اور اجلاسوں کی کارروائی کو قانونی حدود کے تحت شفاف انداز میں عوام کے سامنے لانے اور SIR کے دوران ووٹر ناموں کے اخراج اور بحالی کے طریقہ کار کا آزادانہ جائزہ لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

 

بعد ازاں احتجاجی قائدین نے آر ڈی او کو مطالبات پر مشتمل یادداشت پیش کی۔

 

اس احتجاج میں سابق ڈی سی سی صدر ساجد خان، بوتھ مارکیٹ چیئرمین ملے پھول ستیہ نارائنا، عادل آباد آتما کمیٹی چیئرمین گِمّا سنتوش، ٹاؤن کانگریس صدر خضر پاشا، سابق مارکیٹ چیئرمین الوری سنجیو ریڈی، سی پی آئی کے پربھاکر ریڈی، سی پی ایم کے بندی دتاتریہ، سی پی ایم ضلع سکریٹری ملیش، سی پی آئی ایم ایل ماس لائن کے ضلع سکریٹری جگن سنگھ، ایم سی پی آئی کے کنٹالا راملو، عام آدمی پارٹی کے راٹھوڑ سبھاش، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی کے مڈاوی گنیش سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔

 

اس کے علاوہ ایس سی ڈپارٹمنٹ چیئرمین پرمیشور، ایس ٹی ڈپارٹمنٹ کے ریاستی نائب صدر سیڈمکی آنند راؤ، ضلع کانگریس خواتین شعبہ کی صدر اناپورنا، اقلیتی کانگریس صدر شاہد، یوتھ کانگریس عادل آباد اسمبلی صدر ناہید کے علاوہ ضلع کانگریس کے نائب صدور، جنرل سکریٹریز، سکریٹریز، منڈل کانگریس صدور، میونسپل کونسلرس، ٹاؤن کانگریس قائدین، مختلف شعبوں کے نمائندے، خواتین کانگریس، یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی، سیوا دل کے قائدین اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔