اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے لیے حکومت پُرعزم  ۔ ڈپٹی وزیراعلیٰ بھٹی وکرامارکا

اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے لیے حکومت پُرعزم  ۔ ڈپٹی وزیراعلیٰ بھٹی وکرامارکا

اردو اکیڈمی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر ریاست بھر میں مشاعروں کا انعقاد

حیدرآباد۔19/جون(تلنگانہ وائس)

تلنگانہ کے ڈپٹی وزیراعلیٰ بھٹی وکرامارکا نے واضح کیا ہے کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سیکریٹریٹ میں اقلیتی بہبود اور مختلف ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت اقلیتی طبقات کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ اجلاس میں اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہرالدین، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اور دیگر اداروں کے چیئرمین بھی شریک تھے۔

ڈپٹی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اردو اکیڈمی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں حیدرآباد سمیت ریاست کے تمام ضلعی مراکز میں بڑے پیمانے پر مشاعروں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ اردو زبان و تہذیب کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے ایل بی اسٹیڈیم، حیدرآباد میں منعقد ہونے والے مرکزی پروگرام کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتی رہائشی اسکول جدید سہولیات کے ساتھ تعمیر کیے جا رہے ہیں جو ملک بھر میں اپنی مثال آپ ہیں۔ اجلاس میں حکام نے بتایا کہ ریاست میں 20 اقلیتی رہائشی اسکولوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ مزید 17 عمارتوں پر کام جاری ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے زیر تعمیر اسکولوں کی تکمیل میں تیزی لانے اور مقررہ وقت میں تمام کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ڈپٹی وزیراعلیٰ نے "راجیو یووا وکاسم” اسکیم کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو خود روزگار کے شعبوں میں آگے بڑھانے کے لیے جامع ایکشن پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ عیسائی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی طور پر 50 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وقف املاک اور اقلیتی اداروں کی زمینوں کے تحفظ پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے حکام کو ہدایت دی کہ وقف اور دیگر اقلیتی اراضی کو ناجائز قبضوں سے بچانے کے لیے قانونی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے مسلم قبرستانوں کے اطراف حفاظتی دیواروں کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور مسلم آبادی والے اضلاع و ڈویژن مراکز میں نئی قبرستانی اراضی مختص کرنے کے لیے ضلع کلکٹروں کو خصوصی احکامات جاری کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہرالدین نے ڈپٹی وزیراعلیٰ کو محرم الحرام کی نویں تاریخ کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں شرکت کی دعوت دی، جسے بھٹی وکرمارکا نے قبول کرتے ہوئے شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں محکمہ مالیات کے پرنسپل سیکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ، پلاننگ پرنسپل سیکریٹری اوپل، فنانس سیکریٹری سکتا پٹنائک، وقف بورڈ کے چیئرمین عظمت اللہ، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے چیئرمین عبیداللہ کوتوال، اقلیتی رہائشی تعلیمی سوسائٹی کے صدر فہیم قریشی، اردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان، کرسچین فنانس کارپوریشن کے چیئرمین دیپک جانو، اقلیتی بہبود کے سیکریٹری شفیع اللہ اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔