یشودا اسپتال میں گردے کی پیوندکاری کے کامیاب آپریشن، عوام کو بروقت جانچ کرانے کا مشورہ، کاماریڈی میں ڈاکٹر وجئے ورما کی پریس کانفرنس
کاماریڈی، 19 /جون(تلنگانہ وائس)یشودا اسپتال، ہائی ٹیک سٹی برانچ میں گردے کی پیوندکاری (کڈنی ٹرانسپلانٹ) کامیابی کے ساتھ انجام دی جا رہی ہے۔ یہ بات سینئر نیفرولوجسٹ ڈاکٹر وجئے ورما نے کاماریڈی شہر میں واقع یشودا برانچ کلینک میں جمعہ کے روز منعقدہ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں گردوں کی بیماریوں میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے اور اندازاً ہر سو افراد میں سے سترہ افراد کسی نہ کسی درجے کے گردے کے عارضے کا شکار ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ گردوں کی صحت کا بروقت پتہ لگانے کے لیے ہر شخص کو سال میں کم از کم ایک مرتبہ بنیادی طبی معائنہ (بیسک ٹیسٹ) ضرور کرانا چاہیے۔ڈاکٹر وجئے ورما نے بتایا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران ان کی ٹیم نے 381 سے زائد گردے کی پیوندکاری کے آپریشن انجام دیے ہیں، جن میں تقریباً 95 فیصد کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیادہ عمر کے افراد گردہ عطیہ نہیں کر سکتے، یہ صرف ایک غلط فہمی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گردہ عطیہ کرنے کے لیے لازمی نہیں کہ عطیہ دہندہ اور مریض کا بلڈ گروپ ایک ہی ہو۔ اگر بلڈ گروپ مختلف بھی ہو تو جدیدطبی سہولیات کی مدد سے کامیاب پیوندکاری ممکن ہے، البتہ اس صورت میں علاج پر کچھ زیادہ خرچ آ سکتا ہے، جبکہ پیوندکاری کا طریقۂ کار بنیادی طور پر یکساں رہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس میڈیا کانفرنس کا مقصد عوام میں گردوں کی بیماریوں اور پیوندکاری سے متعلق درست معلومات اور بیداری پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر گردوں کے ناکارہ ہونے کی سب سے بڑی وجوہات ہیں، جبکہ خون کے قریبی رشتہ دار بھی گردہ عطیہ کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر وجئے ورما نے سگریٹ نوشی اور شراب نوشی سے مکمل پرہیز اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر درد کش ادویات کا زیادہ استعمال بھی گردوں کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے اور بعض اوقات گردوں کی مکمل خرابی کا سبب بنتا ہے۔اس موقع پر یشودا ہائی ٹیک سٹی برانچ کے منیجر دھننجے بھی موجود تھے

