دھابوں میں غیر سماجی سرگرمیاں برداشت نہیں کی جائیں گی ۔  ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی

دھابوں میں غیر سماجی سرگرمیاں برداشت نہیں کی جائیں گی ۔  ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی

ہر دھابے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا لازمی، خلاف ورزی پر مقدمات درج ہوں گے

عادل آباد، 20/جون(تلنگانہ وائس)ضلع بھر کے قومی اور بین الریاستی شاہراہوں پر قائم دھابوں میں غیر قانونی اور غیر سماجی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پولیس نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی ہدایت پر عادل آباد کے ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے مقامی ڈی ایس پی دفتر میں دھابہ مالکان اور منتظمین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی نے واضح کیا کہ کسی بھی دھابے میں شراب نوشی، شراب فروشی، گانجہ اور دیگر منشیات کے استعمال یا فروخت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ ساتھ دھابہ مالکان اور منتظمین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شراب نوشی کے بعد گاڑیاں چلانے اور قومی شاہراہوں پر بے ترتیب پارکنگ کی وجہ سے سڑک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ ان حادثات کی روک تھام کے لیے پولیس مختلف احتیاطی اقدامات کر رہی ہے۔

ڈی ایس پی نے تمام دھابہ مالکان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اداروں میں معیاری سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں تاکہ دھابے کے احاطے، آمد و رفت کرنے والے افراد اور شاہراہ کے اطراف کی سرگرمیاں مکمل طور پر ریکارڈ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دھابوں پر آنے والی تمام گاڑیاں صرف مختص پارکنگ مقامات پر ہی کھڑی کی جائیں اور کسی بھی صورت میں سڑک پر پارکنگ نہ ہونے دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی دھابے میں مشتبہ افراد، غیر قانونی اسلحہ، گانجہ یا دیگر منشیات سے متعلق کوئی معلومات حاصل ہوں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے دھابہ مالکان کو متنبہ کیا کہ مشتبہ افراد کو پناہ دینے یا بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور انہیں بائنڈ اوور بھی کیا جائے گا۔ اجلاس میں سرکل انسپکٹرس بی سنیل کمار، بی ڈی پریم کمار، رحیم پاشا، کے ناگا راجو اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔