عادل آباد میں غیر قانونی اسکیننگ مراکز کے خلاف کارروائی، پشکر ہاسپٹل کی مشین ضبط ۔ محکمہ صحت
عادل آباد۔20/جون (تلنگانہ وائس)ضلع عادل آباد میں غیر قانونی اسکیننگ مراکز کے خلاف محکمہ صحت نے کارروائی تیز کر دی ہے۔ حال ہی میں سامنے آنے والی شکایات کے بعد ضلع مرکز کے بھکتاپور علاقے میں واقع پشکر ہاسپٹل پر چھاپہ مار کر اسکیننگ مشین ضبط کر لی گئی، جس سے طبی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہاسپٹل میں اسکیننگ خدمات کے دوران بعض ضابطوں کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔ محکمہ صحت کے حکام نے مشین ضبط کر لی، تاہم عوامی تنظیموں کا کہنا ہے کہ صرف مشین ضبط کرنا کافی نہیں بلکہ قانون کے مطابق ذمہ دار افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
ضلع میں کافی عرصے سے غیر مجاز اسکیننگ مراکز، غلط رپورٹس اور مریضوں سے من مانی فیس وصول کرنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود بعض مراکز کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں ہو رہی، جس کے باعث غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔

ایک اور سنگین الزام یہ بھی سامنے آیا ہے کہ بعض اوقات شکایت درج ہوتے ہی متعلقہ ہاسپٹلوں تک معلومات پہنچ جاتی ہیں، جس سے وہ پہلے ہی محتاط ہو جاتے ہیں۔ عوامی تنظیموں نے اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
( PCPNDT قانون” گربھ” میں موجود بچے کی جنس (لڑکا یا لڑکی) معلوم کرنے اور بتانے پر پابندی عائد کرتا ہے۔
اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈاکٹر یا اسکیننگ سنٹر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔)
ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سادھنا نے کہا کہ پی سی پی این ڈی ٹی قانون پر سختی سے عمل کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر اجازت اسکیننگ خدمات فراہم کرنے والے مراکز اور ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
شہری اور خواتین تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے تمام اسکیننگ مراکز کی جامع جانچ کی جائے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا مکمل خاتمہ ممکن ہو اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

