محبت میں رکاوٹ بننے والے نوجوان کا قتل، 48 گھنٹوں میں معمہ حل، 6 ملزمین گرفتار

محبت میں رکاوٹ بننے والے نوجوان کا قتل، 48 گھنٹوں میں معمہ حل، 6 ملزمین گرفتار

عادل آباد، 21 جون (تلنگانہ وائس)

ضلع عادل آباد کے نیراڈی گونڈہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک سنسنی خیز قتل کیس کا پولیس نے محض 48 گھنٹوں میں پردہ فاش کرتے ہوئے چھ ملزمین کو گرفتار کر کے عدالتی ریمانڈ پر روانہ کردیا۔ پولیس کے مطابق محبت کے معاملہ میں رکاوٹ بننے پر ایک ایس سی نوجوان کو منصوبہ بند طریقہ سے قتل کیا گیا تھا۔

اٹنور کے اے ایس پی رتھوک سائی کوٹے آئی پی ایس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ نیراڈی گونڈہ منڈل کے پیڈا بگگارم گاؤں سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ ناتری ستیش 17 جون کو اچانک لاپتہ ہوگیا تھا۔ اہل خانہ کی شکایت پر گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا، تاہم 19 جون کو کراتھ واڑہ تالاب سے اس کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ مرکزی ملزم شیخ سمیر مقتول کو اپنے محبت کے تعلقات میں رکاوٹ تصور کرتا تھا۔ اسی بنا پر اس نے اپنے پانچ ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کی سازش رچی۔ ملزمین نے ستیش کو شراب پارٹی کے بہانے کراتھ واڑہ تالاب کے قریب بلایا، جہاں پہلے اسے زبردستی شراب پلائی گئی اور بعد ازاں گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزمین نے لاش تالاب میں پھینک دی، جبکہ مقتول کی موٹر سائیکل کو عادل آباد منتقل کردیا گیا۔ ثبوت مٹانے کی کوشش میں مقتول کا موبائل فون بھی چلتی ٹرین سے پھینک دیا گیا تھا۔

اے ایس پی نے بتایا کہ تکنیکی شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور خصوصی پولیس ٹیموں کی مدد سے کیس کو انتہائی قلیل مدت میں حل کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران تمام چھ ملزمین کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضہ سے پانچ موبائل فون، واردات میں استعمال ہونے والی دو موٹر سائیکلیں، مقتول کی موٹر سائیکل اور جائے واردات سے سات خالی بیئر بوتلیں برآمد کی گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول کا تعلق درج فہرست ذات (ایس سی) سے ہونے کے سبب ملزمین کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی متعلقہ دفعات کے علاوہ ایس سی/ایس ٹی مظالم انسداد قانون کی دفعہ 3(2)(v) کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کی بروقت اور سائنسی بنیادوں پر کی گئی تفتیش کے نتیجہ میں قتل کا یہ پیچیدہ معمہ صرف 48 گھنٹوں میں حل ہوگیا، جس پر اعلیٰ پولیس حکام نے تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

#Crime

#adilabad