رعیتو بھروسہ فنڈز فوری جاری کئے جائیں: بی آر ایس سوشل میڈیا ضلع رہنما مظهر کا مطالبہ

رعیتو بھروسہ فنڈز فوری جاری کئے جائیں: بی آر ایس سوشل میڈیا ضلع رہنما مظهر کا مطالبہ

عادل آباد، 6/جون (تلنگانہ وائس)

تلنگانہ میں خریف (وانا کالَم) سیزن کے آغاز کے پیشِ نظر بی آر ایس سوشل میڈیا عادل آباد ضلع رہنما مظهر نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت فوری طور پر کسانوں کے کھاتوں میں رعیتو بھروسہ (رعیتو بندھو) فنڈز جمع کرے تاکہ کسان بروقت زرعی سرگرمیاں شروع کر سکیں۔

انہوں نے ایک پریس نوٹ میں کہا کہ بی آر ایس حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے مقصد سے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت فی ایکڑ سالانہ 10 ہزار روپے سرمایہ جاتی امداد فراہم کی تھی، جبکہ کانگریس نے انتخابات کے دوران اقتدار میں آنے پر فی ایکڑ 12 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔

اشتہار۔۔۔۔۔۔۔۔۔Avertisment


مظهر نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد رعیتو بندھو کا نام تبدیل کرکے "رعیتو بھروسہ” تو رکھ دیا، لیکن کسانوں کو بروقت مالی امداد فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی فنڈز مرحلہ وار جاری کئے گئے جس کے باعث کسانوں کو طویل انتظار کرنا پڑا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مرگشیرا کارتہ سے قبل تمام اہل کسانوں کے کھاتوں میں رعیتو بھروسہ فنڈز جمع کرے تاکہ فصلوں کی کاشت کے لیے درکار سرمایہ بروقت دستیاب ہو سکے۔

مظهر نے کانگریس حکومت سے کئی سوالات بھی اٹھائے۔ انہوں نے پوچھا کہ رعیتو بندھو کی بقایا تین اقساط کب جاری کی جائیں گی؟ کسانوں کو کاشت سے قبل دی جانے والی سرمایہ جاتی امداد میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ انتخابی وعدوں کے مطابق کیا تمام کسانوں کو مکمل رعیتو بھروسہ ملا ہے؟ اہل کسانوں کے نام فہرستوں میں شامل نہ ہونے کی وجوہات کیا ہیں؟ اور کیا حکومت رعیتو بھروسہ فنڈز کی اجرائیگی پر مکمل وائٹ پیپر جاری کرنے کے لیے تیار ہے؟

خبروں کی دنیا میں ایک نیا اور معتبر نام — تلنگانہ وائس

سچ، اعتماد اور عوامی مسائل کی مؤثر ترجمانی

Telangana Voice – Delivering Truth, Empowering People

انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت زراعت کو ریاستی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتی ہے، لیکن کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ ایک طرف کسانوں کو سرمایہ جاتی امداد نہیں مل رہی اور دوسری جانب ان کی پیداوار کی خریداری میں بھی تاخیر کی جا رہی ہے۔

آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست کے تمام اہل کسانوں کو فوری طور پر رعیتو بھروسہ فنڈز جاری کئے جائیں تاکہ کسانوں کی بے چینی اور مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔