عادل آباد۔ 4/جولائی(تلنگانہ وائس)موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم پی جے) عادل آباد یونٹ کے لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ ایم اے بصیر نے بتایا کہ ایم پی جے ایک غیر سیاسی سماجی پلیٹ فارم ہے، جو عادل آباد میں ووٹروں کی رہنمائی، عوامی بیداری اور سماجی خدمات کے لیے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایم پی جے تلنگانہ کے ریاستی صدر عبدالمجید شعیب، عادل آباد زرعی مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین بورانچو سری کانت ریڈی اور درگم شیکھر نے ایم پی جے عادل آباد دفتر کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے عادل آباد یونٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تنظیم کی عوامی خدمات کو سراہا۔عبدالمجید شعیب اور بورانچو سری کانت ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم پی جے ایک سماجی اور عوامی خدمت انجام دینے والی تنظیم ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش مختلف مسائل کے حل میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم ان دنوں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) مہم کے دوران مختلف علاقوں میں ہیلپ ڈیسک قائم کرکے ووٹروں کو فارم پُر کرنے، ضروری دستاویزات کی تیاری اور انتخابی عمل سے متعلق رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزرگ شہریوں، خواتین، معذور افراد اور دیگر ضرورت مند افراد کو خصوصی تعاون فراہم کرتے ہوئے ان کے نام ووٹر فہرست میں برقرار رکھنے اور نئے اندراج کے عمل کو بروقت مکمل کرانے میں مدد دی جا رہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے لیے مقرر کردہ ایک ماہ کی مدت ناکافی ہے، لہٰذا الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ اس عمل کی مدت میں دو ماہ تک توسیع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹرز اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔اس موقع پر ایم پی جے ٹاؤن صدر فیروز خان، محمد عبدالوکیل اور تنظیم کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔


