کاماریڈی میں غیر قانونی وینچرز کے خلاف بلدیہ کی سخت کارروائی، سڑکیں مسمار

کاماریڈی میں غیر قانونی وینچرز کے خلاف بلدیہ کی سخت کارروائی، سڑکیں مسمار

کاماریڈی۔4/جولائی(سیدکوثرعلی/تلنگانہ وائس)حکومت اور ڈی ٹی سی پی (DTCP) کی منظوری کے بغیر قائم کیے جا رہے غیر قانونی رہائشی وینچرز کے خلاف کاماریڈی میونسپل حکام نے سخت کارروائی کرتے ہوئے متعدد تعمیرات کو منہدم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کاماریڈی شہر کے ساتویں وارڈ کی وکاس نگر کالونی میں سروے نمبر 672، 675، 676، 677 اور 678 میں تقریباً پانچ ایکڑ اراضی پر بعض رئیل اسٹیٹ کاروباریوں نے دو وینچرز قائم کیے تھے۔ متعلقہ حکام سے کسی بھی قسم کی منظوری حاصل کیے بغیر سڑکیں بنا کر زمین کو پلاٹوں میں تقسیم کیا جا رہا تھا اور فروخت کی تیاری کی جا رہی تھی، جس پر حکام کو شکایات موصول ہوئیں۔شکایات کے بعد میونسپل کمشنر پروتھالو اور ٹاؤن پلاننگ آفیسر ونیت کی قیادت میں جمعہ کی صبح پولیس کی موجودگی میں جے سی بی مشینوں کے ذریعے موقع پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران غیر قانونی طور پر بنائی گئی سڑکوں کو مسمار کر دیا گیا۔میونسپل کمشنر نے بتایا کہ مذکورہ وینچرز کے لیے نہ تو ڈی ٹی سی پی اور نہ ہی حکومت کی کوئی منظوری حاصل کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے تین مرتبہ نوٹس جاری کیے گئے، مگر وینچر منتظمین نے انہیں نظر انداز کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں، جس کے باعث قانون کے مطابق کارروائی ناگزیر ہو گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی غیر مجاز لے آؤٹس قائم کیے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جن کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف کم قیمت کے لالچ میں غیر منظور شدہ پلاٹس خریدنے سے گریز کریں، کیونکہ بعد میں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کمشنر نے واضح کیا کہ شہری صرف حکومت سے مکمل منظوری یافتہ وینچرز میں ہی سرمایہ کاری کریں، بصورت دیگر کروڑوں روپے مالیت کے پلاٹس بھی قانونی کارروائی کی نذر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی میونسپل دفتر میں منظور شدہ اور غیر منظور شدہ وینچرز کی مکمل فہرست عوام کی سہولت کے لیے دستیاب کرائی جائے گی۔