بارش کے زرعی سیزن کی تیاریوں کے لیے تمام محکمے باہمی اشتراک سے کام کریں: چیف سکریٹر “سنجے جاجو”

بارش کے زرعی سیزن کی تیاریوں کے لیے تمام محکمے باہمی اشتراک سے کام کریں: چیف سکریٹر “سنجے جاجو”

کاماریڈی، 4 جولائی (سیدکوثرعلی کی رپورٹ): ریاستی چیف سکریٹری سنجے جاجو نے ہدایت دی ہے کہ بارش کے زرعی سیزن 2026 کو کامیاب بنانے کے لیے تمام سرکاری محکمے باہمی اشتراک کے ساتھ کام کریں اور کسانوں کو بیج، کھاد اور دیگر ضروری سہولتیں بروقت فراہم کی جائیں۔ انہوں نے نقلی بیجوں اور کھاد کی غیر قانونی فروخت کے خلاف سخت کارروائی کرنے، رائت رجسٹری کو تیز کرنے، آئل پام، باغبانی اور متبادل فصلوں کی کاشت کو فروغ دینے پر زور دیا۔وہ ہفتہ کے روز حیدرآباد سے منعقدہ ویڈیو کانفرنس سے اضلاع کے کلکٹرس اور متعلقہ عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے۔ ضلع کاماریڈی سے ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔چیف سکریٹری نے بارش کے موسم میں موسمی بیماریوں کی روک تھام، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، دیہات اور شہروں میں صفائی مہم، مچھروں کی افزائش پر قابو، حاملہ خواتین کی بہتر طبی نگہداشت، سرکاری اسپتالوں میں ادویات، تشخیصی کٹس، خون کے ذخائر اور ایمبولینس خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے سرکاری اسکولوں میں ناشتے اور دوپہر کے کھانے کی اسکیم کو معیاری انداز میں نافذ کرنے، غذائی تحفظ اور صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے اور فیشیل ریکگنیشن و ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کو مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔ویڈیو کانفرنس کے بعد ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے ضلع کے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور چیف سکریٹری کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی۔

 

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بیج و کھاد کی قلت نہ ہونے دی جائے، رائت رجسٹری میں تیزی لائی جائے، متبادل فصلوں کے بارے میں کسانوں میں بیداری پیدا کی جائے، پینے کے پانی کی مسلسل نگرانی، موسمی بیماریوں کی روک تھام، صفائی مہم اور سرکاری اسکولوں میں تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر وکٹر، ڈپٹی کلکٹر روی تیجا، ڈی آر ڈی اے پراجکٹ ڈائریکٹر دامودر، ضلع زرعی عہدیدار موہن ریڈی، ضلع پریشد سی ای او چندر، ضلع باغبانی عہدیدار جیوتی، ضلع تعلیمی عہدیدار ملیکارجن، ضلع منصوبہ بندی عہدیدار رگھونندن اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے