بارش کے موسم سے قبل عادل آباد بلدیہ الرٹ، نشیبی علاقوں میں پیشگی اقدامات کی عہدیداران کو  ہدایت ۔ میونسپل چیرپرسن

بارش کے موسم سے قبل عادل آباد بلدیہ الرٹ، نشیبی علاقوں میں پیشگی اقدامات کی عہدیداران کو  ہدایت ۔ میونسپل چیرپرسن

عادل آباد، 4 جولائی (تلنگانہ وائس) متوقع موسلادھار بارشوں کے پیش نظر عادل آباد میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا ستیش کی صدارت میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر جگدیش گوڑ،وائس چیرمین محمد روہیت،  آر او کلیان، ٹی پی او سملتا، ٹاؤن پلاننگ، سینی ٹیشن، واٹر سیکشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و عملے نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بنڈاری انوشا ستیش نے کہا کہ عادل آباد شہر کے 49 وارڈوں میں تقریباً 9 سے 12 وارڈ نشیبی علاقے ہیں، جہاں شدید بارش کے دوران پانی جمع ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ نالوں اور ڈرینیج نظام کی بروقت صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارش کا پانی بلا رکاوٹ خارج ہو سکے۔

انہوں نے شہر کے تمام وارڈوں میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بارش کے موسم میں کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ون ٹاؤن علاقے کے لیے انوائرمنٹ انجینئر اوی کرن اور ٹو ٹاؤن علاقے کے لیے آر او وینکٹیش کو خصوصی افسران مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرپرسن نے بتایا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ٹول فری نمبر 9000018842 بھی جاری کیا گیا ہے، جہاں شہری اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ شدید بارشوں کے دوران وارڈ افسران، سینی ٹیشن عملہ، واٹر سیکشن کے ملازمین اور دیگر متعلقہ اہلکار ہر وقت دستیاب رہیں اور جے سی بی سمیت ضروری مشینری کو تیار رکھا جائے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ ڈینگی، ملیریا اور دیگر موسمی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔ اجلاس میں میونسپل افسران، عملہ اور وارڈ کونسلروں نے شرکت کی۔