خون کا عطیہ عظیم انسانی خدمت، نوجوان رضاکارانہ خون عطیہ کے لیے آگے آئیں ۔  ایس پی راجیش چندرا

خون کا عطیہ عظیم انسانی خدمت، نوجوان رضاکارانہ خون عطیہ کے لیے آگے آئیں ۔  ایس پی راجیش چندرا

کاماریڈی، 4 جولائی (سیدکوثرعلی کی رپورٹ/تلنگانہ وائس) ضلع کاماریڈی کے بککنور منڈل کے رامیشور پلی گاؤں میں ساؤتھ کیمپس، بککنور کی جانب سے این ایس ایس خصوصی کیمپ کے تحت ہفتہ کو رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم۔ راجیش چندرا، آئی پی ایس، مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور ایک یونٹ خون کسی کی جان بچانے کا سبب بن سکتا ہے۔ خصوصاً تھیلیسیمیا کے مریضوں، حادثات میں زخمی افراد اور ہنگامی علاج سے گزرنے والے مریضوں کے لیے خون نہایت قیمتی ہوتا ہے، اس لیے ہر صحت مند شخص کو رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنا چاہیے۔ایس پی نے کیمپ میں 60 نوجوانوں کی جانب سے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دوسروں کے لیے مثال بنیں۔

Advertisment

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گانجہ، منشیات، شراب اور تمباکو جیسی بری عادتوں سے مکمل طور پر دور رہیں اور اپنی توجہ تعلیم، کھیل اور سماجی خدمت پر مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وقتی مسائل، ذہنی دباؤ یا ناکامیوں سے مایوس ہو کر خودکشی جیسے انتہائی اقدامات ہرگز حل نہیں ہیں۔ ایسی صورت میں والدین، اساتذہ یا پولیس سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ایس پی نے کہا کہ سڑکوں پر حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اس لیے دو پہیہ گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں اور شراب نوشی کے بعد گاڑی نہ چلائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر گانجہ یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع ہو تو فوراً پولیس کو مطلع کریں، اطلاع دینے والے کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔اس موقع پر کاماریڈی ڈی ایس پی مدھوسودھن، ضلع لائبریری ادارہ کے چیئرمین مدّی چندرکانت ریڈی، بھکنور سرکل انسپکٹر نریش، ایس آئی آنجنیلو، کالج انتظامیہ، اساتذہ، طبی عملہ، این ایس ایس رضاکار اور طلبہ موجود تھے۔