فوڈ سیفٹی کارروائیوں پر بیف ہوٹل اونرس یونین کا اظہارِ تشویش و بحالی پر شکریہ
اچانک کارروائی کے بجائے پیشگی نوٹس اور شعور بیداری اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ
عادل آباد، 16/ ستمبر(تلنگانہ وائس)
فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف عادل آباد میں فوڈ سیفٹی افسران کی جانب سے ہوٹلوں کے اچانک معائنے اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پس منظر میں عادل آباد بیف ہوٹلس اونرس یونین کی ایک پریس کانفرنس لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ ایم اے بصیر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے صدر شیخ مشتاق نے حالیہ فوڈ سیفٹی کارروائی کے دوران نرمی برتنے اور ایڈوکیٹ ایم اے بصیر کی مداخلت کے نتیجے میں شالیمار ہوٹل کی دوبارہ بحالی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آئندہ فوڈ سیفٹی کارروائیوں سے قبل ہوٹل مالکان کو پیشگی نوٹس دینے اور فوڈ سیفٹی قوانین سے متعلق شعور بیداری کے اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ اور شالمار ہوٹل کی دوبارہ پبحالی ر اظہار تشکر بھی کیا۔
اس موقع پر یونین کے لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ ایم اے بصیر نے فوڈ سیفٹی افسران کی جانب سے کی جانے والی اچانک کارروائیوں پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے انہیں غیر جمہوری قرار دیا۔ انہوں نے آئندہ بھی اچانک کارروائیوں کے خلاف قانونی طور پر آواز اٹھانے کی بات کہی اور یونین کو ہر ممکن قانونی رہنمائی فراہم کرنے کا تیقن دیا۔

ایڈوکیٹ ایم اے بصیر نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے ہوٹل مالکان کو ضروری لائسنس فراہم کرنے، قوانین کی پابندی کے لیے مناسب رہنمائی دینے اور کارروائیوں میں نرمی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔
Advertising

پریس کانفرنس میں یونین کے صدر شیخ مشتاق، نائب صدر شیخ فیاض، جنرل سیکریٹری سید ارشد، جوائنٹ سیکریٹری عرفان احمد، خازن محمد رئیس، ممبران شاہد احمد، سمیر احمد، محمد شکیل، سید اظہر الدین اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر یونین کی جانب سے ایڈوکیٹ ایم اے بصیر کو شال اوڑھا کر اور گلپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔


