کاماریڈی میں ایس آئی آر عمل سست روی کا شکار، اینیومریشن فارموں کی تقسیم میں بے ضابطگیوں کا الزام نائب صدر بلدیہ کے گوداوری کی پریس کانفرنس
کاماریڈی ۔7/جولائی(تلنگانہ وائس) بی آر ایس کی رہنما اور میونسپل وائس چیئرپرسن کاسرلا گوداوری نے الزام عائد کیا ہے کہ کاماریڈی میں ایس آئی آر (خصوصی نظر ثانی) کے تحت اینیومریشن فارموں کی تقسیم کا عمل منظم انداز میں نہیں چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام کی جانب سے 99 فیصد فارم تقسیم کیے جانے کا دعویٰ حقیقت سے بعید ہے، کیونکہ اب تک نصف سے بھی کم افراد کو فارم موصول ہوئے ہیں۔
Advertisment

منگل کے روز سابق رکن اسمبلی گمپا گووردھن کی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کاسرلا گوداوری نے کہا کہ بی ایل اوز گھر گھر جا کر فارم تقسیم نہیں کر رہے ہیں اور نہ ہی عوام کو فارم پُر کرنے میں تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ کئی بی ایل اوز عوام سے رابطہ کیے بغیر مخصوص مقامات پر بیٹھ کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمل شروع ہوئے 14 دن گزر چکے ہیں، مگر رفتار انتہائی سست ہے۔ وقت کم ہونے کے باعث انتظامیہ فوری طور پر مداخلت کرے، عوام میں بیداری پیدا کرے اور بی ایل اوز کی کارکردگی پر مسلسل نگرانی رکھے۔کاسرلا گوداوری نے کہا کہ فرضی ووٹوں کی روک تھام کے لیے ہر شہری کو تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کاماریڈی میں ماضی میں فرضی ووٹوں کی وجہ سے بعض کونسلروں کے انتخابی نتائج متاثر ہوئے تھے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ 24 جولائی تک یہ عمل مکمل ہو پائے گا یا نہیں، اس پر شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بعض کانگریس قائدین لوگوں کو گھروں پر بلا کر دباؤ ڈال رہے ہیں اور فارم بھروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی آر ایس نے اپنے بی ایل ایز کی فہرست پہلے ہی حکام کو فراہم کر دی ہے، لہٰذا بی ایل اوز کو ہدایت دی جائے کہ وہ بی ایل ایز کو ساتھ لے کر ہی فارموں کی تقسیم کا عمل انجام دیں۔

اس موقع پر کوآپشن رکن کمبالا روی یادو، کونسلرس حفیظ، محمد منصور، مامنڈلا لکشمن، اعجاز، نرسملو اور بی آر ایس کے ترجمان بلونت راؤ بھی موجود تھے۔

