مدرسہ فیضِ حفصہ للبنات ٹرسٹ کا حضرت مولانا غیاث احمد رشادی کے ہاتھوں افتتاح 

مدرسہ فیضِ حفصہ للبنات ٹرسٹ کا حضرت مولانا غیاث احمد رشادی کے ہاتھوں افتتاح

عادل آباد، 8 /جولائی(تلنگانہ وائس) عادل آباد کے محلہ شانتی نگر، کمہار واڑہ، میں مدرسہ فیضِ حفصہ للبنات ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام چہارشنبہ کے روز ایک عظیم الشان دینی و اصلاحی جلسہ منعقد ہوا، جس کے ساتھ مدرسہ کا باضابطہ افتتاح بھی عمل میں آیا۔ علماء کرام نے اپنے خطابات میں موجودہ دور میں دینی مدارس کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے عوام سے اپنی بچیوں کو دینی و عصری تعلیم کے حصول کے لیے مدرسہ میں داخل کروانے کی اپیل کی۔

جلسہ کی نگرانی صدر مدرسہ فیضِ حفصہ للبنات ٹرسٹ جناب مجیب بن سالم صران نے کی، جبکہ صدارت معروف مفسرِ قرآن، سرپرست مدرسہ، حضرت مولانا غیاث احمد رشادی (صدر آل انڈیا صفا بیت المال و بانی منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا) نے فرمائی۔ جلسہ کی قیادت حضرت الحاج حافظ محمد منظور احمد، صدر تنظیم الائمہ و المؤذنین، عادل آباد نے کی۔ خصوصی مہمانان میں حضرت مولانا طالب علی خان محمدی (عربک لیکچرر، ایس آر کالج، نظام آباد) اور حضرت مولانا سید رضوان اسعدی (صدر منبر و محراب فاؤنڈیشن تلنگانہ و صدر تعلیم المسلمین ٹرسٹ) شریک رہے۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔Advertisment

تقریب کی نظامت مولانا سید مبشر احمد رشیدی، ناظم مدرسہ فیضِ حفصہ للبنات و صدر صفا بیت المال شاخ عادل آباد نے انجام دی، جبکہ خطبۂ استقبالیہ حافظ شیخ بشیر احمد، نائب ناظم مدرسہ نے پیش کیا۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔Advertisment

اپنے کلیدی خطاب میں حضرت مولانا غیاث احمد رشادی نے کہا کہ مدارسِ اسلامیہ ہر دور میں امت مسلمہ کی دینی رہنمائی کے مراکز رہے ہیں اور یہی ادارے اسلام کی بقا، دینی تعلیم و تربیت اور دعوتِ دین کے مضبوط قلعے ہیں۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند کی تاریخ اور خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدارس کا قیام، ان کی سرپرستی اور مالی تعاون پوری ملت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اہلِ شہر سے اپیل کی کہ نئے قائم ہونے والے مدرسہ کے استحکام میں بھرپور تعاون کریں۔

دیگر علماء کرام نے بھی دینی تعلیم، اسلامی اقدار اور بچیوں کی بہترین تربیت پر خطاب کیا۔ جلسہ میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ خواتین کے لیے علیحدہ پردے کا معقول انتظام کیا گیا تھا۔

اس موقع پر صدر مدرسہ جناب مجیب بن سالم صران اور دیگر ذمہ داران نے شہریانِ عادل آباد سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو مدرسہ فیضِ حفصہ للبنات میں ضرور داخل کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ مدرسہ میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کا بھی باقاعدہ نظم رکھا گیا ہے تاکہ طالبات دینی و دنیاوی دونوں علوم سے آراستہ ہو سکیں۔

آخر میں مہمان علماء کرام کے ہاتھوں مدرسہ فیضِ حفصہ للبنات ٹرسٹ کا باضابطہ آغاز عمل میں آیا۔ علماء نے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مدرسہ کی ترقی، استحکام اور دینی خدمات کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں کیں، جبکہ مقامی ذمہ داران کے اظہارِ تشکر اور اجتماعی دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔مہمانوں کا استقبال ڈاکٹر اعظم علی خان، حافظ عبدالعزیز، حافظ شیخ کاظم مصباحی، حافظ امجد خان، حافظ شیخ نذیر احمد، جناب عبدالصمد مبلغ، جناب عبدالحمید اور جناب احمد اللہ خان نے کیا۔