عادل آباد کے موالا میں زیرِ تعمیر آئی ٹی ٹاور کے کام تیز کرنے کی عہدیداران کو ہدایت،ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کا معائنہ

عادل آباد۔ 8/جولائی(تلنگانہ وائس)ضلع کلکٹر عادل آباد راجرشی شاہ نے موالا منڈل میں زیرِ تعمیر آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) ٹاور کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے اور منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔

چہارشنبہ کے روز کلکٹر نے تعمیراتی مقام کا دورہ کیا اور مختلف محکموں کے افسران و تعمیراتی ادارے کے نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تعمیراتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔

کلکٹر نے کہا کہ ضلع کے بے روزگار نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حکومتی عزم کے تحت آئی ٹی ٹاور تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیر کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور جدید سہولیات سے آراستہ عمارت کو افتتاح کے لیے مقررہ وقت پر تیار کیا جائے۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔۔Advertisment

انہوں نے عمارت کے ساتھ اندرونی سڑکوں، بجلی کی فراہمی، مستقل برقی سپلائی کے لیے خصوصی سب اسٹیشن، پینے کے پانی، انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی، ڈرینیج اور دیگر بنیادی سہولیات کے کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی تکنیکی مسئلے یا رکاوٹ کا سامنا ہو تو فوری طور پر ان کی توجہ مبذول کرائی جائے۔

Advertisment

جائزہ اجلاس میں آئی ٹی محکمہ کے زونل منیجر ایم۔ شیوا پرساد، ڈی زیڈ ایم بہوگنا، سی ای نریندر ریڈی، الیکٹریکل ڈی ای پورندر، تعمیراتی کمپنی کے انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران و عملہ نے شرکت کی۔