عادل آباد: سیاسی واٹس ایپ گروپ پولیس کی نگرانی میں، اشتعال انگیز پوسٹس اور جھوٹی مہم پر سخت کارروائی کا انتباہ ۔گروپ ایڈمنس بھی ذمہ دار ہوں گے

واٹس ایپ گروپ پر پولیس کی کڑی نظر، اشتعال انگیز پوسٹس پر سخت کارروائی کا انتباہ

عادل آباد، 8 جولائی(تلنگانہ وائس)عادل آباد ون ٹاؤن پولیس نے سوشل میڈیا پر سیاسی مباحث کے نام پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور گمراہ کن مواد کی تشہیر کے خلاف سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ ون ٹاؤن انسپکٹر بی سنیل کمار نے کہا ہے کہ

"Adilabad Politics 2029 Varaku Rajakeeyam Cherch Pottu Pottu”

نامی واٹس ایپ گروپ کی سرگرمیوں پر ضلع پولیس مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

واٹس ایپ گروپ کا اسکرین شارٹ

انہوں نے کہا کہ اگر گروپ کے ارکان یا دیگر افراد سیاسی اختلافات کی آڑ میں ایک دوسرے کی توہین، ذاتی کردار کشی، اشتعال انگیز تبصرے، جھوٹی معلومات یا عوام میں نفرت پھیلانے والے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہیں تو ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

انسپکٹر بی سنیل کمار نے واضح کیا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والی پوسٹس کو حذف نہ کرنے یا ان پر بروقت کارروائی نہ کرنے والے واٹس ایپ گروپ ایڈمنس بھی قانونی ذمہ داری کے حامل ہوں گے اور ان کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

Advertisment

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں، اشتعال انگیز اور قابل اعتراض مواد شیئر کرنے سے گریز کریں اور ایسے کسی بھی عمل سے دور رہیں جو ضلع میں امن و امان یا سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرے۔

Advertisment

پولیس کے مطابق ضلع بھر میں سوشل میڈیا کی سرگرمیوں پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔