رکنِ اسمبلی پائل شنکر کے خلاف مبینہ اراضی قبضہ کی شکایت، قانونی کارروائی کا مطالبہ
عادل آباد، 9/جولائی (تلنگانہ وائس نیوز)عادل آباد کانگریس کے اسمبلی انچارج کندی سری نواس ریڈی نے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ اور ضلع ایس پی اکھل مہاجن (آئی پی ایس) کو ایک تحریری شکایت پیش کرتے ہوئے رکنِ اسمبلی پائل شنکر کے خلاف مبینہ غیر قانونی اراضی قبضہ اور رجسٹریشن کے معاملے میں فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بدھ کے روز آتما چیئرمین گِمّا سنتوش راؤ، کانگریس کے متعدد میونسپل کونسلروں اور پارٹی قائدین کے ہمراہ کندی سری نواس ریڈی نے ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی سے ملاقات کر کے شکایت کے ساتھ متعلقہ دستاویزات بھی پیش کیے۔

شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عادل آباد شہر کے بٹی ساور گاؤں کے مضافات میں واقع سروے نمبر 72/3 کی اسائنڈ اراضی پر تقریباً پانچ کروڑ روپے مالیت کے 11 پلاٹس، رکنِ اسمبلی پائل شنکر کی اہلیہ پائل اوما کے نام این او سی منسوخ کروا کر مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے رجسٹر کرائے گئے ہیں۔
Advertisment

کندی سری نواس ریڈی نے کہا کہ اسی معاملے پر 7 جولائی کو ایک معروف روزنامہ میں بھی خبر شائع ہوئی تھی، جبکہ مبینہ غیر قانونی رجسٹریشن سے متعلق دستاویزات بھی شکایت کے ساتھ منسلک کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور مبینہ غیر قانونی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ سروے نمبر 72/3 میں مجوزہ نئے کلکٹریٹ کمپلیکس کے لیے مختص سرکاری اراضی پر بھی بعض افراد نے قبضہ کر رکھا ہے۔ اس زمین کو دوبارہ سرکاری تحویل میں لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

کندی سری نواس ریڈی نے کہا کہ وہ اس معاملے کو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور وزیر مال پونگولیٹی سری نواس ریڈی کے علم میں بھی لائیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مبینہ اراضی قبضوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ان کی قیادت میں کلکٹریٹ کے سامنے بڑے پیمانے پر احتجاج اور دھرنا دیا جائے گا۔

اس موقع پر کانگریس میونسپل فلور لیڈر اِجّاگیری سنجے، ٹاؤن کانگریس صدر خضر پاشا، کونسلر تمّلا اناپورنا، محبوب اور دیگر کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔


