ٹرانسفارمر سے تانبہ اور آئل چوری کرنے والا گروہ بے نقاب، تین ملزمان گرفتار
تامسی پولیس کی مؤثر کارروائی، 30 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد؛ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو سخت انتباہ
عادل آباد، 9/جولائی (تلنگانہ وائس نیوز)
عادل آباد ضلع کی تامسی پولیس نے زرعی بجلی ٹرانسفارمر کو نقصان پہنچا کر اس میں موجود تانبے کی تاریں اور ٹرانسفارمر آئل چوری کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے تقریباً 30 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ پولیس نے اس کارروائی کو تکنیکی شواہد اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انجام دیا۔

رورل سرکل انسپکٹر رحیم پاشا کے مطابق یکم جولائی کو وڈاڈی گاؤں کے کسان سورم بھومنّا نے ٹی ایس این پی ڈی سی ایل کے لائن مین دُگٹ دیوراج کو اطلاع دی کہ ان کے کھیت میں نصب 25 کے وی زرعی ٹرانسفارمر کو نامعلوم افراد نے توڑ کر اس میں موجود قیمتی تانبے کی تاریں چرا لی ہیں۔ دو جولائی کو موقع کا معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ ملزمان ٹرانسفارمر سے تانبے کی تاروں کے ساتھ ٹرانسفارمر آئل بھی لے گئے، جس سے سرکاری املاک کو تقریباً 30 ہزار روپے کا نقصان پہنچا۔
Advertisment

چار جولائی کو تامسی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا۔ جدید تکنیکی شواہد، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں ایک غیر مسلم اور دو مسلم نوجوان شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ تانبے کی تاریں اور ٹرانسفارمر آئل برآمد کر لیا۔
رورل سرکل انسپکٹر رحیم پاشا نے کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور بجلی کی فراہمی میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دیہی علاقوں میں ٹرانسفارمروں یا بجلی کے آلات کے اطراف کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈائل 100 پر دیں تاکہ ایسے جرائم کی بروقت روک تھام ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا تحفظ صرف حکومت ہی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور عوامی تعاون سے ایسے جرائم کا مؤثر خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

