عادل آباد: 26 کوئنٹل سرکاری راشن چاول ضبط، مہاراشٹر اسمگلنگ کرنے والا منظم گروہ بے نقاب، 7 گرفتار، ایک فرار ۔ ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی
عادل آباد، 10/ جولائی(تلنگانہ وائس نیوز) عادل آباد رورل پولیس نے سرکاری رعایتی (PDS) چاول غیر قانونی طور پر جمع کرکے مہاراشٹر منتقل کرنے والے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 26 کوئنٹل سرکاری راشن چاول ضبط کر لیے۔ اس معاملے میں 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جن میں 7 کو گرفتار جبکہ ایک ملزم فرار ہے۔ گرفتار شدگان میں تین راشن ڈیلر بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ایک اسکوٹی اور 6 موبائل فون بھی ضبط کیے ہیں۔

ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے بتایا کہ جندراپور ایکس روڈ پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران ایک اسکوٹی پر دو بوریاں سرکاری راشن چاول لے جانے والے دو افراد کو مشتبہ حالت میں روک کر گرفتار کیا گیا۔ ان کی شناخت شیخ افسر اور ایم ڈی رضوان کے طور پر ہوئی۔ دورانِ تفتیش دونوں نےمحلہ قلعہ علاقے میں ایک کرائے کے مکان میں بڑی مقدار میں PDS چاول ذخیرہ کرنے کا انکشاف کیا، جس پر پولیس نے فوری چھاپہ مار کر 50 پلاسٹک کی بوریوں میں تقریباً 25 کوئنٹل چاول برآمد کیے۔ اس طرح اسکوٹی سے برآمد چاول سمیت مجموعی طور پر 26 کوئنٹل سرکاری راشن چاول ضبط کیے گئے۔
Advertisment

پولیس کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ شیخ آفتاب عرف ارباز عرف عباس، عبد الستار عرف شیخ ستار اور مہاراشٹر کے رہنے والے فرحان کے ساتھ مل کر یہ گروہ مقامی راشن ڈیلروں سے کم قیمت پر سرکاری راشن چاول خریدتا، قلعہ کے ایک کرائے کے مکان میں ذخیرہ کرتا اور بعد میں انہیں مہاراشٹر منتقل کرکے برانڈڈ چاول کے نام پر فروخت کر کے ناجائز منافع کماتا تھا۔
Advertisment

مزید تفتیش میں تین راشن ڈیلروں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔ ان میں راچیکر ولاس (فیئر پرائس شاپ نمبر 07)، کومّو رامو (فیئر پرائس شاپ نمبر 15) اور عبد الرحیم (فیئر پرائس شاپ نمبر 18) شامل ہیں، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری رعایتی چاول غیر قانونی طور پر فروخت کرکے اس گروہ کو فراہم کیے۔

پولیس نے مقدمے میں نامزد شیخ افسر، ایم ڈی رضوان، شیخ آفتاب عرف ارباز عرف عباس، عبد الستار عرف شیخ ستار، راچیکر ولاس، کومّو رامو اور عبد الرحیم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مہاراشٹر کا رہنے والا فرحان مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
Advertisment

ڈی ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے بائنڈ اوور کیا جا رہا ہے اور شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری راشن چاول کی غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی یا دیگر ریاستوں کو اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ اس کامیاب کارروائی میں اہم کردار ادا کرنے والے عادل آباد رورل ایس آئی وی وشنو وردھن اور پولیس ٹیم کو ڈی ایس پی نے مبارکباد دی۔

