سرکاری اسکولوں میں سو فیصد حاضری ہمارا ہدف، 15 برس سے بند 13 اسکول دوبارہ شروع ۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ
عادل آباد، 10/ جولائی (تلنگانہ وائس نیوز) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا ہے کہ ضلع کے تمام سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی سو فیصد حاضری کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ افسران اور عملہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کرے۔

انہوں نے جمعہ کو بھکتاپور کالونی میں ویٹرنری اسپتال کی عمارت میں قائم سرکاری پرائمری اسکول کی نئی کلاسوں کا افتتاح میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا،وائس چیرمین محمد روہیت اور ضلع ایجوکیشن افسر مادھوی کے ہمراہ کیا۔

اس موقع پر کلکٹر نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی ہدایت پر ضلع میں گزشتہ 15 برس سے بند پڑے 13 سرکاری اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے، نئے فرنیچر کی فراہمی کے ساتھ معیاری دوپہر کے کھانے کی سہولت کے لیے جلد ہی خصوصی شیڈ تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ تعلیمی سال سے یہاں پری پرائمری جماعتیں بھی شروع کی جائیں گی۔
Advertisment

کلکٹر نے اسکول کی دوبارہ شروعات کے لیے تعاون کرنے والے مقامی عوام اور ریٹائرڈ ملازمین کی خدمات کو سراہا۔ بعد ازاں ضعیف شہریوں کی انجمن کے زیر اہتمام طلبہ میں اسکول بیگ، واٹر بوتلیں اور پلیٹیں تقسیم کی گئیں۔

اس سے قبل کلکٹر نے ویٹرنری اسپتال کے احاطے میں دو لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ شیڈ کا افتتاح کیا۔ بعد میں ریڈ کراس کی نئی رکنیت حاصل کرنے والے افراد میں ممبرشپ کارڈ بھی تقسیم کیے گئے۔
Advertisment

اس تقریب میں میونسپل وائس چیئرمین محمد روہیت، ضلع مویشی پروری افسر راما راؤ راٹھوڑ، اے ڈی گوپی کرشنا، ایم ای او سومیا، ضعیف شہریوں کی انجمن کے ضلعی صدر ڈاکٹر دیوداس دیش پانڈے، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معززین شریک تھے۔

