عادل آباد ضلع بھر میں سخت ناکہ بندی، جرائم کی روک تھام کے لیے گاڑیوں کی جامع تلاشی ۔ضلع ایس پی اکھل مہاجن، آئی پی ایس نے چیک پوسٹوں کا معائنہ کرکے اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری کیں

عادل آباد۔ 11/جولائی (تلنگانہ وائس)

جرائم، غیر قانونی سرگرمیوں اور اسمگلنگ پر مؤثر قابو پانے کے مقصد سے ضلع پولیس نے جمعہ کے روز ضلع بھر میں ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی نگرانی میں خصوصی ناکہ بندی مہم چلائی۔ اس سلسلے میں مہاراشٹر سے متصل سرحدی علاقوں، قومی شاہراہوں اور شہری حدود میں 25 خصوصی چیک پوسٹیں قائم کرکے آنے جانے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔

مہم کے دوران شراب کے نشے میں گاڑی چلانے والوں (ڈرنک اینڈ ڈرائیو)، بغیر نمبر پلیٹ، جعلی یا نامکمل دستاویزات رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے ان کے فنگر پرنٹس بھی حاصل کیے گئے تاکہ جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔

ضلع ایس پی اکھل مہاجن، آئی پی ایس نے خود عادل آباد شہر کے بس اسٹانڈ اور امبیڈکر چوک پر قائم چیک پوسٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت دی کہ جرائم کی روک تھام، اسمگلنگ پر قابو پانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری مستعدی، چوکسی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیں۔ انہوں نے مشکوک گاڑیوں اور افراد پر خصوصی نظر رکھنے کی بھی تاکید کی۔

اس موقع پر عادل آباد ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے ناگاراجو، ون ٹاؤن انسپکٹر بی سنیل کمار سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکار موجود تھے۔