فیس ریگولیشن ایکٹ نافذ کیا جائے، پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی ہو ۔ ٹی جی وی پی قائدین کی پریس کانفرنس

فیس ریگولیشن ایکٹ نافذ کیا جائے، پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی ہو ۔ ٹی جی وی پی قائدین کی پریس کانفرنس

عادل آباد۔15/جولائی(تلنگانہ وائس)تلنگانہ ودیارتھی ویدیکا (TGVP) کے متحدہ عادل آباد ضلع صدر کوٹوری پروین کمار نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں فیس ریگولیشن ایکٹ کو سختی سے نافذ کرتے ہوئے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے پرائیویٹ و کارپوریٹ تعلیمی اداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ضلع میں کئی کارپوریٹ تعلیمی ادارے مختلف ناموں سے داخلے لے رہے ہیں، لیکن ان کے پاس بنیادی سہولیات، مناسب اجازت نامے اور سرکاری ضابطوں کی تکمیل نہیں ہے۔ ایسے اداروں کی منظوریوں کا ازسرِ نو جائزہ لے کر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔

Advertising

کوٹوری پروین کمار نے چہارشنبہ کے روز عادل آباد پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بعض پرائیویٹ تعلیمی ادارے تعلیم کو خدمت کے بجائے منافع بخش کاروبار بنا چکے ہیں اور غریب والدین سے ڈونیشن اور بھاری فیس کے نام پر لاکھوں روپے وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے حکام پر بے حسی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی نہ ہونا تشویش ناک ہے۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ کئی اسکولوں میں صاف پینے کے پانی، کھیل کے میدان، فائر سیفٹی، مناسب روشنی اور ہوا جیسی بنیادی سہولیات موجود نہیں ہیں، جبکہ بعض ادارے پری پرائمری کی اجازت پر ہائی اسکول چلا رہے ہیں اور غیر تربیت یافتہ اساتذہ کو کم تنخواہوں پر ملازم رکھ رہے ہیں۔

Advertising

ٹی جی وی پی رہنما نے مطالبہ کیا کہ حقِ تعلیم (RTE) ایکٹ کے تحت غریب طلبہ کے لیے 25 فیصد نشستوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور قانون پر عمل نہ کرنے والے خانگی تعلیمی اداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں، بنیادی سہولیات اور سرکاری ضابطوں پر عمل درآمد کی سخت نگرانی کی جائے۔

Advertising

اس موقع پر عادل آباد اسمبلی حلقہ کنوینر اولینگولا ستیش کمار، سائی چرن، عبید، سائی کرن، شیخ ریان، شیخ آیان، شیخ عدنان اور دیگر کارکنان موجود تھے۔