جعلی دستاویزات سے قیمتی اراضی پر قبضہ، ایس بی آئی سے 49 لاکھ کا قرض حاصل کرنے کا الزام ۔ عادل آباد ون ٹاؤن پولیس کی کارروائی — ملزم رنگینینی سری نواس گرفتار، والد رنگینینی سوریہ پرکاش مفرور

جعلی دستاویزات سے قیمتی اراضی پر قبضہ، ایس بی آئی سے 49 لاکھ کا قرض حاصل کرنے کا الزام

عادل آباد ون ٹاؤن پولیس کی کارروائی — ملزم رنگینینی سری نواس گرفتار، والد رنگینینی سوریہ پرکاش مفرور

عادل آباد۔16/جولائی(تلنگانہ وائس) عادل آباد ون ٹاؤن پولیس نے جعلی میونسپل ریکارڈ، فرضی دستخط، جعلی مہروں اور پٹہ سرٹیفکیٹ تیار کرکے قیمتی اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے کے علاوہ انہی جعلی دستاویزات کی بنیاد پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے 49 لاکھ روپے کا قرض حاصل کرنے کے معاملے میں باپ بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیٹے کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا والد مفرور بتایا گیا ہے۔

Advertising

گرفتار ملزم کی شناخت 40 سالہ رنگینینی سری نواس ولد سوریہ پرکاش، ساکن شانتی نگر، عادل آباد کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ دوسرے ملزم رنگینینی سوریہ پرکاش ولد بالا کشن، ساکن شانتی نگر، عادل آباد کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے تلاش جاری ہے۔

Advertising

ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر بی سنیل کمار کے مطابق، عادل آباد کی رہائشی خاتون سشمہ بیل زوجہ دھرم چند چودھری نے 1979 میں شانتی نگر کے بوکّل گوڑہ نمبر 1 میں واقع پلاٹ نمبر 4 خرید کر اس کے میونسپل ریکارڈ، میوٹیشن اور ڈور نمبر حاصل کیے تھے۔

Advertising

پولیس کے مطابق سال 2016 میں مذکورہ اراضی کو تین سالہ لیز پر ملزم سوریہ پرکاش کے حوالے کیا گیا تھا۔ معاہدے کے مطابق 2019 میں لیز کی مدت مکمل ہونے کے بعد زمین اصل مالک کو واپس کرنا تھی۔ تاہم الزام ہے کہ ملزم نے میونسپل اجازت کے بغیر زمین پر مستقل مکان تعمیر کیا اور قبضہ برقرار رکھنے کے مقصد سے جعلی دستاویزات تیار کیے۔

Advertising

پولیس کے مطابق ملزمان نے 1983 کے فرضی میونسپل ریکارڈ، چیئرمین اور کونسلروں کے جعلی دستخط، جعلی مہریں اور فرضی پٹہ سرٹیفکیٹ تیار کیے۔ اس کے علاوہ 2009 کے فرضی میونسپل اجازت نامے بھی تیار کیے گئے۔

Advertising

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ انہی جعلی دستاویزات کی بنیاد پر سال 2023 میں گفٹ ڈیڈ کے ذریعے اراضی کو سوریہ پرکاش کے نام سے اس کے بیٹے سری نواس کے نام منتقل کیا گیا۔

بعد ازاں ملزمان نے مبینہ طور پر انہی جعلی کاغذات کو استعمال کرتے ہوئے ایس بی آئی سی سی آئی برانچ سے سولار کاروبار کے نام پر 49 لاکھ روپے کا قرض حاصل کیا۔ قرض کی قسطیں ادا نہ کیے جانے کے بعد بینک کی جانب سے قرض کو این پی اے قرار دینے کے سلسلے میں حال ہی میں عوامی نوٹس جاری کیا گیا۔

اس کے بعد اصل مالکان نے ضلع ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن، آئی پی ایس سے رجوع کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی۔ شکایت کی بنیاد پر ون ٹاؤن پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سری نواس کو گرفتار کرلیا۔

سرکل انسپکٹر بی سنیل کمار نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے، جبکہ مفرور ملزم سوریہ پرکاش اور جعلی دستاویزات کی تیاری میں معاونت کرنے والے دیگر افراد کے کردار کی بھی مکمل جانچ کی جارہی ہے۔

پولیس نے واضح کیا کہ تحقیقات کے دوران جو بھی شخص اس معاملے میں ملوث پایا جائے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔