انتقالِ پُرملال: معروف دینی و سماجی شخصیت محمد عبدالرشید صاحب کا انتقال
عادل آباد۔17/جولائی(تلنگانہ وائس) جماعتِ اسلامی ہند کے تاسیسی ارکان میں شامل، سابق امیرِ مقامی شہر عادل آباد اور سابق ناظمِ ضلع متحدہ عادل آباد محترم محمد عبدالرشید صاحب کا آج جمعہ کی صبح تقریباً 3 بجے انتقال ہوگیا۔ ان کی نمازِ جنازہ جمعہ کے روز بعد نمازِ جمعہ میدانِ عیدگاہ، عادل آباد میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم محمد عبدالرشید صاحب عادل آباد کی معروف دینی، سماجی اور مذہبی شخصیت تھے۔ ایمرجنسی کے دور سے ہی جماعتِ اسلامی ہند سے وابستہ رہتے ہوئے انہوں نے مختلف ذمہ داریاں انجام دیں اور اپنی پوری زندگی تقویٰ، پرہیزگاری اور دینی خدمات میں گزاری۔

مرحوم نے شہر کے مذہبی، سماجی اور معاشرتی مسائل میں ہمیشہ خصوصی دلچسپی لی۔ جامع مسجد عادل آباد کی شرعی پنچایت میں بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ وہ مدینہ مسجد عادل آباد کے تقریباً 25 سال تک اعزازی صدر رہے۔

دورانِ صدارت مدینہ مسجد میں اپنے پُرمغز خطباتِ جمعہ کے ذریعے عوام کو دینی ذمہ داریوں کی جانب متوجہ کرتے رہے۔ اسی مسجد میں منعقد ہونے والے ہفتہ واری درسِ قرآن کے ذریعے مکمل قرآنِ مجید کا درس بھی دیا۔
مرحوم ایک معروف عوامی مقرر کی حیثیت سے ضلع بھر میں مقبول تھے۔ جامع مسجد عادل آباد میں جماعتِ اسلامی کے اجتماعاتِ عام سے بھی مسلسل خطاب کرتے ہوئے عوام کو مومنانہ زندگی گزارنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ ان کی دینی و اصلاحی تقاریر سے استفادہ کے لیے ضلع کے مختلف علاقوں سے لوگ پروگراموں میں شرکت کیا کرتے تھے۔
مرحوم کی رہائش شانتی نگر، کوثر مسجد کے قریب، عادل آباد میں تھی۔ پسماندگان میں اہلِ خانہ کے علاوہ ان کے بڑے فرزند ڈاکٹر محمد ندیم ارشد، سابق ناظمِ ضلع جماعتِ اسلامی ہند عادل آباد شامل ہیں۔
مزید تفصیلات کے لیے ڈاکٹر محمد ندیم ارشد صاحب سے فون نمبر 9014409808 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

