*خواتین صالح معاشرہ کی تشکیل کے لیے دعوتِ دین کا فریضہ انجام دیں*
منبر و محراب فاؤنڈیشن تلنگانہ اور تعلیم المسلمین ٹرسٹ عادل آباد کے زیرِ اہتمام نقیبہ خواتین کا فکری و مشاورتی اجلاس، مولانا سید رضوان اسعدی اور ممتاز بیابانی کے مؤثر خطابات
عادل آباد۔20/جولائی(تلنگانہ وائس) منبر و محراب فاؤنڈیشن تلنگانہ اور تعلیم المسلمین ٹرسٹ عادل آباد کے مشترکہ تعاون سے سن شائن اسکول اٹنور میں مختلف علاقوں اور محلوں میں دینی و دعوتی خدمات انجام دینے والی نقیبہ خواتین کا ایک عظیم الشان فکری و مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 9 مختلف حلقوں سے تقریباً 150 خواتین نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید رضوان اسعدی، صدر منبر و محراب فاؤنڈیشن تلنگانہ نے کہا کہ دعوتِ دین کا آغاز سب سے پہلے اپنی ذات سے ہونا چاہیے۔ اگر ہم خود دین پر عمل پیرا ہوں گے، اپنی زندگی کو شریعت کے مطابق ڈھالیں گے اور اپنے اہلِ خانہ و اولاد کی دینی تربیت کریں گے، تبھی ہمارا دعوتی کام مؤثر اور نتیجہ خیز ہوگا۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ خواتین محبت، حکمت، نرم مزاجی اور حسنِ اخلاق کے ساتھ اپنے شوہر، والدین، ساس، بھائیوں، بہنوں، رشتہ داروں اور دیگر خواتین تک دین کا پیغام پہنچائیں، کیونکہ سخت لہجہ، غصہ اور ڈانٹ ڈپٹ سے دلوں میں نفرت پیدا ہوتی ہے جبکہ حسنِ اخلاق سے دل جیتے جاتے ہیں۔
Advertising

مولانا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر محلے میں ایسی خواتین تک ضرور پہنچیں جو دین سے دور ہیں، ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ قائم کریں، ان کی دینی رہنمائی کریں اور انہیں اعمال دین کے فضائل بتلائیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوتِ دین اللہ تعالیٰ کی عظیم توفیق ہے، اس پر فخر کرنے کے بجائے اس کی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔ دین کا کام ہمارا محتاج نہیں بلکہ ہم اس مبارک کام کے محتاج ہیں۔ اگر آج ہم دین پر عمل کریں گے اور دعوت کا فریضہ ادا کریں گے تو ان شاء اللہ ہماری آنے والی نسلوں میں بھی دین محفوظ رہے گا، ورنہ ہماری غفلت نسلوں کی دینی محرومی کا سبب بن سکتی ہے۔
مولانا سید رضوان اسعدی نے مزید کہا کہ خواتین خدمتِ دین میں اپنے رشتہ داروں کو بھی شریک کریں، اپنے جان و مال کو اللہ کی راہ میں لگانے کا جذبہ پیدا کریں اور صبر و استقامت کے ساتھ اس راستے پر چلتی رہیں۔ انہوں نے خاص طور پر سودی معاملات سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جو خواتین سودی لین دین میں ملوث ہوں، انہیں سب سے پہلے اس گناہ سے توبہ کرنی چاہیے، کیونکہ اللہ کی نافرمانی کے ساتھ دینی خدمت کی روح باقی نہیں رہتی۔
انہوں نے خواتین کو ہدایت دی کہ دینی مسائل کے حصول کے لیے مستند عالمات سے مضبوط تعلق قائم رکھیں، ہر مسئلہ تحقیق کے ساتھ معلوم کریں اور فضول خرچی سے اپنے آپ کو بچائیں اس لیے کہ ارشاد ربانی ہے فضول خرچی کرنے والے شیطان کے بھائی اور بہن ہیں
اس موقع پر محترم ممتاز بیابانی، جنرل سیکریٹری تعلیم المسلمین ٹرسٹ عادل آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ خواتین کی دعوتی ذمہ داریاں نہایت نازک ہیں، لیکن ان کے اثرات انتہائی گہرے اور دیرپا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیطان ہمیشہ دین کا کام کرنے والوں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے، اس لیے خواتین کو استقامت، اخلاص اور مسلسل دعا کا اہتمام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی خاموش مگر مؤثر اندرونی محنت سے گھروں کا ماحول بدل سکتا ہے، مردوں میں نماز کی پابندی پیدا ہو سکتی ہے اور مساجد آباد ہو سکتی ہیں۔ موجودہ نازک حالات میں دعا، اصلاحِ معاشرہ اور دعوتِ دین کی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
اجلاس کے دوران امسال فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والی خواتین کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اسی طرح دینی، سماجی اور تعلیمی خدمات کے اعتراف میں جناب شبیر صاحب، پرنسپل سن شائن اسکول اوٹنور، اور جناب شیخ احمد صاحب، مالک اسٹار فنکشن ہال اوٹنور کو ” *ممتاز کردار ایوارڈ* ” سے نوازا گیا۔
Advertising

اجلاس کا آغاز مراکزِ نسواں کی خواتین کی تلاوتِ کلامِ پاک، نعتیہ کلام اور حمد باری تعالیٰ سے ہوا، جبکہ اختتام مولانا سید رضوان اسعدی کی رقت انگیز دعا پر ہوا۔ شرکاء خواتین کے لیے معقول طعام کا بھی اہتمام کیا گیا۔
Advertising

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور محلوں میں دعوتِ دین، اصلاحِ معاشرہ اور خواتین کی دینی تربیت کے لیے پہلے سے زیادہ منظم اور مؤثر انداز میں خدمات انجام دیں گی۔

