عادل آباد میں فنکشن ہالس کی بھرمار، سہولیات کا فقدان! کیا مہنگے کرایے لینے والے فنکشن ہالس بنیادی سہولیات بھی فراہم کر رہے ہیں؟

عادل آباد میں فنکشن ہالس کی بھرمار، سہولیات کا فقدان!

کیا مہنگے کرایے لینے والے فنکشن ہالس بنیادی سہولیات بھی فراہم کر رہے ہیں؟

تحریر: صحافی خضر احمد یافعی

عادل آباد۔20/جولائی(تلنگانہ وائس)

عادل آباد شہر میں لاک ڈاؤن کے بعد شادی بیاہ، ولیمہ، منگنی اور دیگر سماجی تقریبات کے لیے چھوٹے اور بڑے فنکشن ہالس، کنونشن سینٹرز، پیالیس، اے سی و نان اے سی گارڈنز کی تعمیر میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہر چند قدم کے فاصلے پر نئے فنکشن ہالس قائم ہو رہے ہیں، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ان میں مہنگے کرایوں کے مطابق معیاری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں؟

Advertising

آج ایک متوسط خاندان شادی کی تقریب کے لیے لاکھوں روپے خرچ کرنے پر مجبور ہے۔ فنکشن ہالس کے کرائے مقام، معیار اور سہولیات کے نام پر مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دلہا اور دلہن کے اسٹیج کی سجاوٹ، ڈائننگ ہال کی آرائش، بجلی، جنریٹر، صفائی اور دیگر انتظامات کے نام پر الگ سے بھاری رقم وصول کی جاتی ہے یا پھر یہ تمام اخراجات کرائے میں شامل کر دیے جاتے ہیں۔

Advertising

افسوسناک پہلو یہ ہے کہ بھاری رقم وصول کرنے کے باوجود متعدد فنکشن ہالس میں بنیادی سہولیات کا فقدان صاف نظر آتا ہے۔ مرد و خواتین کے لیے مختص بیت الخلاء اور طہارت خانے گندگی کا شکار ہوتے ہیں، ہاتھ دھونے کے مقامات غیر معیاری حالت میں ہوتے ہیں، کئی مقامات پر دروازے ٹوٹے ہوئے یا ناقص ہوتے ہیں، جبکہ صفائی ستھرائی کا معیار بھی سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔

صرف صفائی ہی نہیں بلکہ حفاظتی انتظامات بھی تشویشناک ہیں۔ کئی فنکشن ہالس میں ایمرجنسی اخراج (Emergency Exit)، آگ بجھانے کے آلات، مناسب پارکنگ، محفوظ برقی نظام اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے انتظامات بھی ناکافی دکھائی دیتے ہیں، جو کسی بھی حادثے کی صورت میں سنگین خطرات کا سبب بن سکتے ہیں۔

یہ بھی ایک اہم سوال ہے کہ آیا شہر کے تمام فنکشن ہالس حکومت، ضلع انتظامیہ اور مجلس بلدیہ کے مقررہ قواعد و ضوابط، فائر سیفٹی، صفائی اور لائسنس سے متعلق قوانین پر مکمل عمل کر رہے ہیں یا نہیں؟ متعلقہ محکموں کی جانب سے وقتاً فوقتاً معائنہ اور کارروائی بھی عوامی مفاد میں ناگزیر ہے۔

Advertising

تلنگانہ وائس کا ماننا ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات خوشیوں کا ذریعہ ہوتی ہیں، اس لیے شہریوں کو محفوظ، صاف ستھرا اور معیاری ماحول فراہم کرنا ہر فنکشن ہال مالک کی ذمہ داری ہے۔ صرف بھاری کرایہ وصول کرنا کافی نہیں بلکہ صفائی، بیت الخلاء کی مناسب دیکھ بھال، خواتین و مردوں کے لیے معیاری سہولیات، حفاظتی انتظامات اور تمام بنیادی خدمات کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔

عوام کو بھی چاہیے کہ تقریب کی بکنگ سے قبل فنکشن ہال کی صفائی، سہولیات، حفاظتی انتظامات اور قانونی منظوری کے بارے میں مکمل اطمینان حاصل کریں، جبکہ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ شہر کے تمام فنکشن ہالس کا باقاعدہ معائنہ کرکے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ عوام کو بہتر، محفوظ اور معیاری سہولیات میسر آسکیں۔