30 اگست تک تمام بی سی گروکل اداروں کا معائنہ مکمل کیا جائے ۔ وزیر پونم پربھاکر
حیدرآباد، 21/ جولائی(تلنگانہ وائس)ریاستی وزیر برائے بی سی فلاح و بہبود پونم پربھاکر نے ہدایت دی ہے کہ مہاتما جیوتی با پھولے تلنگانہ بی سی ویلفیئر رہائشی تعلیمی اداروں (MJPTBCWREIS) کے تحت چلنے والے تمام گروکل اداروں کا 30 اگست تک مکمل معائنہ کیا جائے۔

ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ریجنل کوآرڈینیٹنگ آفیسرس (RCOs) کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم، محفوظ ماحول اور بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر آر سی او ہفتے میں تین دن فیلڈ کا دورہ کرتے ہوئے کم از کم چھ گروکل اداروں کا معائنہ کرے۔
Advertising

وزیر نے کہا کہ جن اداروں کی اپنی عمارتیں نہیں ہیں، ان کے لیے زمین کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے۔ انہوں نے بارش کے پانی کے ذخیرے (رین واٹر ہارویسٹنگ)، معیاری غذا، صفائی، فوڈ پوائزننگ کی روک تھام اور طلبہ کی جسمانی و ذہنی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت دی۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو صرف تعلیمی میدان ہی نہیں بلکہ کھیل، فنون اور شخصیت سازی میں بھی آگے بڑھایا جائے، جبکہ والدین کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔ وزیر نے خبردار کیا کہ وہ خود ہر ماہ کم از کم 15 گروکل اداروں کا اچانک معائنہ کریں گے اور غفلت برتنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

