عادل آباد: کانگریس کی جانب سے نیٹ طلبہ کی حمایت میں شمع بردار ریلی
عادل آباد، 25/ جولائی(تلنگانہ وائس) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے کی اپیل، ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ کی ہدایت اور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نریش جادھو کے احکامات پر عادل آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام نیٹ (NEET) طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شمع بردار (کینڈل) ریلی نکالی گئی۔

یہ ریلی ضلعی کتب خانہ (لائبریری) سے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر چوک تک پرامن انداز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے کہا کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ طلبہ کی مسلسل جدوجہد اور نیٹ پیپر لیک معاملہ کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کامیابی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ طلبہ اور کانگریس پارٹی کی جدوجہد کے نتیجہ میں مرکزی حکومت کو جھکنا پڑا۔
Advertising

قائدین نے کہا کہ اس کامیابی کے باوجود کئی طلبہ کے ڈاکٹر بننے کے خواب پیپر لیک کی وجہ سے چکنا چور ہوگئے اور ذہنی دباؤ کے باعث اپنی جانیں گنوانے والے طلبہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ کینڈل ریلی منعقد کی گئی۔

کانگریس رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے احتجاج کرنے والے طلبہ پر لاٹھی چارج کیا، انہیں ملک دشمن اور شدت پسند قرار دیا، جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے نوجوانوں سے عوامی معذرت کریں اور متاثرہ طلبہ کے خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ طلبہ کے ساتھ کھڑی رہے گی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس ریلی میں کانگریس کے متعدد عوامی نمائندوں، پارٹی عہدیداروں، بلدیاتی نمائندوں، این ایس یو آئی، یوتھ کانگریس، سیوا دل، مائنارٹی شعبہ، خواتین کانگریس کے قائدین اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

