عادل آباد: جعلی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل استعمال کرنے والا گرفتار، گاڑی ضبط
عادل آباد، 25/ جولائی (تلنگانہ وائس)عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ، انجن نمبر اور چیسیس نمبر میں غیر قانونی تبدیلی کرکے استعمال کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ متعلقہ دو پہیہ گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔
ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کے ناگا راجو نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ موٹر سائیکل کو روک کر اس کی جانچ کی گئی۔ ابتدائی طور پر گاڑی پر MH 29 B 3313 (مہاراشٹر) نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، تاہم تکنیکی جانچ میں معلوم ہوا کہ انجن نمبر AP 01 H 5177 اور چیسیس نمبر AP 01 G 2465 سے مطابقت رکھتے ہیں، جس سے واضح ہوا کہ گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر استعمال کیا جا رہا تھا۔
Advertising

پولیس نے اس سلسلے میں گڈسنوار انوپ (32)، ساکن شانتی نگر، عادل آباد، پیشہ میکینک، کے خلاف مجرمانہ مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
Advertising

انسپکٹر کے ناگا راجو نے عوام کو مشورہ دیا کہ کوئی بھی پرانی گاڑی خریدنے سے قبل اس کے رجسٹریشن نمبر، انجن نمبر اور چیسیس نمبر کی مکمل تصدیق ضرور کریں اور کسی بھی مشتبہ یا تبدیل شدہ شناخت والی گاڑی کی خرید و فروخت سے گریز کریں۔
Advertising

انہوں نے خبردار کیا کہ گاڑیوں کی شناختی تفصیلات میں غیر قانونی تبدیلی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر کسی کو ایسی سرگرمی کی اطلاع ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو آگاہ کریں۔

