عادل آباد ایئرپورٹ کے لیے اراضی حصول فنڈس کی منظوری پر کانگریس کا جشن ۔ کانگریس دفتر کے باہر آتش بازی، مٹھائیاں تقسیم، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا خصوصی شکریہ ادا

عادل آباد۔27/جولائی(تلنگانہ وائس)

عادل آباد میں ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول کی غرض سے ریاستی حکومت کی جانب سے فنڈس کی منظوری پر ضلع کانگریس قائدین اور کارکنوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پیر کے روز ضلع کانگریس دفتر کے سامنے جشن منایا۔ اس موقع پر کارکنوں نے آتش بازی کی، ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں اور حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

بعد ازاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کانگریس قائدین نے ریاستی وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عادل آباد کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مسلسل سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے اسمبلی انتخابات کے دوران اندرولی جلسہ میں عادل آباد کو ترقی دینے کا وعدہ کیا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول کی خاطر فنڈس جاری کیے گئے ہیں، جو ضلع کی ترقی کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

کانگریس قائدین نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نے مرکزی حکومت سے بھی مسلسل رابطہ قائم رکھتے ہوئے ایئرپورٹ منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جس کے نتیجے میں منصوبے پر پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔

Advertising

اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ سویم باپو راؤ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ رکنیت میں پارلیمنٹ کے اندر عادل آباد ایئرپورٹ اور عادل آباد۔آرمور ریلوے لائن کے مطالبے کو بھرپور انداز میں اٹھایا تھا، جبکہ ریلوے اوور برج (ROB) سے متعلق فائنل سائٹ سروے بھی اسی دور میں مکمل ہوا تھا۔ انہوں نے ایئرپورٹ منصوبے کے لیے فنڈس کی منظوری پر ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

Advertising

تقریب میں سابق مارکیٹ کمیٹی چیئرمین اللوری سنجیو ریڈی، ضلع لائبریری چیئرمین ملے پھول نرسیّا، سابق ڈی سی سی صدر ساجد خان، مارکیٹ کمیٹی چیئرمین بورنچو سری کانت ریڈی،ٹاون صدر خضر پاشاہ،میناریٹی سیل ضلع صدر شاہد علی، کانگریس کے متعدد عہدیداران، عوامی نمائندے اور کارکن بڑی تعداد میں شریک تھے۔