ہاسٹل وارڈن کو دھمکیاں دے کر رقم وصول کرنے والے دو ملزمان گرفتار، عدالتی ریمانڈ پر روانہ

ہاسٹل وارڈن کو دھمکیاں دے کر رقم وصول کرنے والے دو ملزمان گرفتار، عدالتی ریمانڈ پر روانہ

عادل آباد، 27 جولائی (تلنگانہ وائس) ضلع عادل آباد کے اُٹنور ٹاؤن میں سرکاری قبائلی بوائز کالج ہاسٹل کے وارڈن کو دھمکیاں دے کر رقم وصول کرنے کے الزام میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ اس بات کی اطلاع اُٹنور سرکل انسپکٹر ایم۔ پرساد نے ایک پریس نوٹ میں دی۔

سی آئی کے مطابق ہاسٹل وارڈن نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا کہ ملزمان گزشتہ چند دنوں سے فون کالز کے ذریعے ایک پروگرام کے نام پر رقم دینے کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے تھے۔ 26 جولائی کو دونوں ملزمان ہاسٹل پہنچے اور ₹5,000 کا مطالبہ کیا۔ رقم نہ دینے کی صورت میں ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت جھوٹا مقدمہ درج کرا کر دس سال جیل بھجوانے کی دھمکی دی۔

Advertising

شکایت میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ملزمان اسی طرح دو مرتبہ ₹3,000 کے حساب سے مجموعی طور پر ₹6,000 بطور جبری وصولی لے چکے تھے۔

Advertising

پولیس نے شکایت کی بنیاد پر اُٹنور پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 267/2026 درج کرتے ہوئے بھارتیہ نیایا سنہیتا (BNS) کی دفعات 329(4)، 308(6) بمعہ 3(5) کے تحت مقدمہ قائم کیا اور تحقیقات شروع کیں۔ دورانِ تفتیش الزامات درست پائے جانے پر دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

Advertising

گرفتار شدگان کی شناخت نتھاوت رام داس عرف نائک (53)، ساکن پرانا اُٹنور، اور نتھاوت جیل سنگھ عرف جیل سنگھ (28)، ساکن پرانا اُٹنور، کے طور پر ہوئی ہے۔

سی آئی ایم۔ پرساد نے کہا کہ دھمکیاں دے کر جبری وصولی (ایکسٹارشن) جیسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص اس طرح کی دھمکیوں یا بلیک میلنگ کا شکار ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائے۔