ریاستی ڈی جی پی سی وی آنند کا ضلع عادل آباد کا دورہ آج

ریاستی ڈی جی پی سی وی آنند کا ضلع عادل آباد کا دورہ آج

  • عادل آباد، 10 جون (تلنگانہ وائس)

ریاست تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سی وی آنند، آئی پی ایس بدھ کے روز پہلی مرتبہ ضلع عادل آباد کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ ضلع پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ مختلف ترقیاتی اور عوامی فلاحی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔

سرکاری شیڈول کے مطابق صبح 9:30 بجے سے 11:30 بجے تک ضلع پولیس افسران کے ساتھ کرائم ریویو اجلاس منعقد ہوگا۔ یہ اجلاس صرف محکمہ پولیس کے افسران کے لیے ہوگا اور میڈیا نمائندوں کو اس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس کے بعد صبح 11:30 بجے اے آر ہیڈ کوارٹرز کے ایم ٹی سیکشن میں نئے ہائیڈرالک نظام کا افتتاح کیا جائے گا۔ 11:40 بجے پولیس فیملی کوارٹرز میں قائم چلڈرن پارک کا افتتاح ہوگا، جبکہ 11:45 بجے ڈی پی او دفتر کے روبرو قائم ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا آغاز کیا جائے گا۔

دوپہر 12 بجے کلکٹر چوراستہ پر جدید ٹریفک سگنل نظام کا افتتاح کیا جائے گا۔ بعد ازاں ڈی جی پی گڈی ہتنور منڈل کے توشم گاؤں روانہ ہوں گے جہاں وہ پرجا پالنا پروگرام کے تحت منعقدہ گرام سبھا میں شرکت کریں گے۔

توشم گاؤں میں "ارائیو الائیو” روڈ سیفٹی پروگرام کے تحت نوجوانوں میں ہیلمٹس اور والی بال کٹس تقسیم کی جائیں گی۔ ڈرائیونگ لائسنس میلہ کے دوران نوجوانوں کو لرننگ لائسنس بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اسی موقع پر ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے جدید آلات کی تقسیم، خواتین کے لیے رنگولی مقابلے، عوام کے مفت آنکھوں کے طبی معائنے اور چشموں کی فراہمی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

 

پروگرام میں سڑک حادثات کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سی پی آر تربیت بھی دی جائے گی، جبکہ آٹو ڈرائیوروں میں فرسٹ ایڈ کٹس تقسیم کی جائیں گی۔

ریاستی ڈی جی پی دوپہر 1:10 بجے عادل آباد ہیڈ کوارٹرز واپس پہنچیں گے اور 1:30 بجے مقامی پولیس اے آر ہیڈ کوارٹرز کے کانفرنس ہال میں میڈیا سے خطاب کریں گے۔

پولیس محکمہ کی جانب سے میڈیا نمائندوں کی سہولت کے لیے کلکٹر چوراستہ سے گڈی ہتنور منڈل کے توشم گاؤں تک خصوصی گاڑی کا انتظام کیا گیا ہے۔ محکمہ نے تمام صحافیوں سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔