قومی لوک عدالت فوری اور کم خرچ انصاف کا مؤثر ذریعہ ۔ ڈسٹرکٹ معزز جج پربھاکر راؤ

قومی لوک عدالت فوری اور کم خرچ انصاف کا مؤثر ذریعہ: ڈسٹرکٹ معزز جج پربھاکر راؤ

عادل آباد، 10/جون (تلنگانہ وائس)

عادل آباد   ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج  محترم کے۔ پربھاکر راؤ نے کہا ہے کہ قومی لوک عدالت باہمی رضامندی اور مفاہمت کے ذریعے فوری انصاف فراہم کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مقدمات کی جلد یکسوئی کے لیے قومی لوک عدالت سے بھرپور استفادہ کریں۔

منگل کے روز ضلع عدالت کے احاطے میں واقع اپنے چیمبر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معزز جج پربھاکر راؤ نے، ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (DLSA) کی سیکریٹری محترمہ راجیہ لکشمی کے ہمراہ، بتایا کہ 20 جون کو عادل آباد ضلع کی تمام عدالتوں میں قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ زیر التوا مقدمات کے فریقین اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی رضامندی، گفت و شنید اور مصالحت کے ذریعے اپنے تنازعات خوش اسلوبی سے حل کر سکتے ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوتی ہے بلکہ فریقین کے درمیان خوشگوار تعلقات بھی برقرار رہتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ جج نے کہا کہ قومی لوک عدالت میں مختلف نوعیت کے قابلِ تصفیہ مقدمات کو جلد نمٹانے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔