سڑکوں پر ہیوی گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کی اب خیر نہیں، پولیس کی سخت کارروائی
عادل آباد، 27 جولائی (تلنگانہ وائس)
سڑکوں اور عوامی مقامات پر لاپرواہی سے ہیوی گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کے خلاف پولیس نے سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ خطرناک پارکنگ کے سبب پیش آئے حادثے میں ایک ٹیچر/استاذ کی موت کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اوٹنور سرکل انسپکٹر ایم پرساد کے مطابق، رواں ماہ 19 تاریخ کو ایشور نگر سے اندراویلی کی جانب موٹر سائیکل پر جارہے استاد راتھوڑ پرکاش نے راستے میں سڑک پر لاپرواہی سے کھڑی آئیچر گاڑی کو ٹکر مار دی تھی۔ حادثے میں شدید زخمی استاد نے اسپتال میں ایک ہفتہ علاج کے بعد دم توڑ دیا۔

اس معاملے میں متوفی کے بیٹے راتھوڑ نکھل کی شکایت پر اندرا ویلی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کیں۔ حادثے کا سبب بننے والی آئیچر گاڑی کو خطرناک انداز میں سڑک پر کھڑا کرنے والے سید قاضی کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔

سی آئی ایم پرساد نے کہا کہ اب عوامی مقامات، سڑکوں اور راستوں پر ہیوی گاڑیاں کھڑی کرنے یا ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کی خیر نہیں ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گاڑیاں پارک کرتے وقت احتیاط برتیں اور دوسروں کی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
اس کارروائی میں اندراویلی ایس آئی ای سائیanna اور پولیس اہلکار موجود تھے۔

