"آپ جو بھی کریں، ہمارے پیڈی کو بچا لیں”
کے سی آر نے ڈاکٹروں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کی اپیل
حیدرآباد۔27/جولائی(تلنگانہ وائس) بی آر ایس سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) نے پارٹی کے سینئر قائد اور نرسم پیٹ کے سابق رکن اسمبلی پیڈی سدھرشن ریڈی کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ شدید علیل پیڈی سدھرشن ریڈی زیر علاج ہیں۔

کے سی آر سکندرآباد یشودا اسپتال پہنچے اور ڈاکٹروں سے پیڈی سدھرشن ریڈی کو فراہم کی جانے والی اعلیٰ طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے آئی سی یو وارڈ پہنچ کر علاج کے طریقہ کار کا جائزہ لیا اور تقریباً نصف گھنٹے تک ڈاکٹروں سے صحت کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر کے سی آر نے ڈاکٹروں سے جذباتی انداز میں اپیل کرتے ہوئے کہا،
"آپ جو بھی کریں، لیکن ہمارے پیڈی سدھرشن ریڈی کو بچا لیں”۔
ڈاکٹروں نے کے سی آر کو بتایا کہ پیڈی سدھرشن ریڈی کو عالمی معیار کا بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر بیرون ملک کے ماہر ڈاکٹروں سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے۔
Advertising

ڈاکٹروں کے مطابق دل، پھیپھڑے اور دیگر تمام اہم اعضا کام کر رہے ہیں، تاہم دماغ کو مکمل طور پر فعال ہونے میں مزید وقت درکار ہے۔ صحت کی مکمل اور واضح صورتحال بتانے کے لیے مزید 48 گھنٹے درکار ہوں گے۔
Advertising

کے سی آر نے پیڈی سدھرشن ریڈی کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دیا ۔ انہوں نے جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پیڈی سدھرشن ریڈی کے علاج میں اخراجات کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی اور پارٹی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر کے سی آر نے پیڈی سدھرشن ریڈی کی اہلیہ سواپنا، بیٹے ندَرشن ریڈی، بیٹی دھرمشٹا اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کر کے انہیں حوصلہ دیا۔
یشودا اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ جدید طبی ٹیکنالوجی، سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم اور مسلسل نگرانی کے ذریعے علاج جاری ہے۔ ایم آر آئی سمیت ضروری طبی معائنے باقاعدگی سے کئے جا رہے ہیں اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
اس موقع پر سابق وزراء ہریش راؤ، تلاسنی سرینواس یادو، ویمولا پرشانت ریڈی، ستیہ وتی راٹھوڑ، پدما راؤ گوڑ، ونود کمار، سابق رکن پارلیمنٹ جوگن پلی سنتوش کمار، ارکان اسمبلی و ایم ایل سی اور بی آر ایس کے کئی اہم قائدین موجود تھے۔

