عادل آباد کو ایچ آئی وی سے پاک ضلع بنانا ہمارا اولین مقصد ۔ ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ
عادل آباد، 31/ جولائی (تلنگانہ وائس نیوز ڈیسک)
ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ نے کہا کہ عادل آباد ضلع کو ایچ آئی وی سے پاک ضلع بنانا ہم سب کا اولین مقصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے طبی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع بھر میں ایچ آئی وی کی روک تھام اور متاثرہ افراد کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

کلکٹر نے جمعہ کو اپنے کیمپ آفس میں نیشنل ایڈز کنٹرول آرگنائزیشن اور تلنگانہ اسٹیٹ ایڈز کنٹرول سوسائٹی کی ہدایات کے مطابق محکمۂ صحت کی جانب سے ایچ آئی وی کنٹرول پروگراموں پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ نے ہدایت دی کہ ضلع کے تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرس میں متاثرہ اور مشتبہ افراد کے لیے ایچ آئی وی، سفلس اور ہیپاٹائٹس بی کے ٹیسٹ لازمی طور پر کیے جائیں۔ انہوں نے مشتبہ افراد کو جامع جانچ اور کونسلنگ مراکز سے رجوع کرنے کی ہدایت دی۔
Adilabad MS Neet Academy

کلکٹر نے کہا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو باقاعدگی سے مفت اے آر ٹی ادویات فراہم کی جائیں اور دیہی علاقوں میں موبائل ٹیسٹنگ خدمات کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے عالمی ہدف ’95-95-95‘ کے حصول کے لیے بھرپور کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
Advertising

انہوں نے مزید کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز ایکٹ 2017 کے تحت متاثرہ افراد کی ذاتی معلومات اور طبی تفصیلات کی رازداری کو سختی سے برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے طبی عہدیداروں کو متاثرہ افراد کے ساتھ حساس اور ہمدردانہ رویہ اختیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔
Advertising

اس سے قبل ضلع پروگرام منیجر ناگراجو نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ ایچ آئی وی کنٹرول پروگراموں کی پیش رفت سے واقف کرایا۔ انہوں نے حاملہ خواتین اور نومولود بچوں میں وائرس کی منتقلی کو روکنے میں اے آر ٹی ادویات کی اہمیت پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
Advertising

اجلاس میں ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پی سادھنا، ایڈیشنل ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر ایشور راج، اے آر ٹی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پدمنی پریہ درشنی کے علاوہ ڈی اے پی سی یو، آئی سی ٹی سی، ڈی ایس آر سی، اے آر ٹی، ٹی آئی، ایل ڈبلیو ایس، سی ایس سی اور ماس کے عملے نے شرکت کی۔
بعد ازاں ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ نے ’موبلائزیشن فار ایڈز‘ سورکشا ہینڈ بک کی رسمِ رونمائی انجام دی۔

