محکموں کے باہمی تال میل سے نرمل کو منشیات سے پاک ضلع بنایا جائے ۔ نرمل ضلع  کلکٹر بھاویش مشرا

محکموں کے باہمی تال میل سے نرمل کو منشیات سے پاک ضلع بنایا جائے ۔ نرمل ضلع  کلکٹر بھاویش مشرا

نرمل سے زاہد ہاشمی کی رپورٹ

نرمل۔4/اگست(تلنگانہ وائس نیوز) ضلع کلکٹرنرمل بھاویش مشرا نے تمام سرکاری محکموں پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے نرمل کو منشیات سے پاک ضلع بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ وہ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع ایس پی جانکی شرمیلا کے ہمراہ گانجہ، چرس، افیون اور دیگر منشیات کی روک تھام سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

Advertising

کلکٹر نے کہا کہ پولیس، ایکسائز، ریونیو، جنگلات، تعلیم، زراعت اور دیگر محکمے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے منشیات کی کاشت، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ، خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مسلسل اچانک معائنے کیے جائیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا تمام محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ محکمہ تعلیم کو ہدایت دی گئی کہ اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کو منشیات کے جسمانی، سماجی اور معاشی نقصانات سے آگاہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں۔

نرمل ضلع ایس پی جانکی شرمیلا نے کہا کہ پولیس محکمہ منشیات کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہا ہے اور دیگر محکموں کے تعاون سے مشترکہ معائنے انجام دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کی اسمگلنگ، خرید و فروخت اور نقل و حمل میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ نوجوانوں اور طلبہ میں شعور بیدار کرنے کے لیے بھی مختلف آگاہی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔

Advertising

اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) کشور کمار، بھینسہ سب کلکٹر اجمیرا سنکیت کمار، ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر راٹھوڑ رمیش، ڈسٹرکٹ ایکسائز آفیسر سرینواس، آر ڈی او دیوی داس سمیت مختلف محکموں کے افسران شریک تھے۔