ٹی پی سی سی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے نائب چیئرمین کے طور پر درگم شیکھر کا تقرر
عادل آباد۔4/اگست(تلنگانہ وائس نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے ایس سی ڈپارٹمنٹ کی نئی مجلسِ عاملہ کا اعلان کرتے ہوئے عادل آباد کے سینئر کانگریس رہنما اور سماجی خدمت گزار درگم شیکھر کو ایس سی ڈپارٹمنٹ کا نائب چیئرمین مقرر کیا ہے۔ انہیں نئی دہلی کے اندرا بھون میں منعقدہ قومی اجلاس کے دوران قومی چیئرمین راجندر پال گوتم نے تقرری نامہ حوالے کیا۔

درگم شیکھر طویل عرصے سے کانگریس سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے طالب علمی کے زمانے میں این ایس یو آئی سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور سابق وزیر رام چندر ریڈی کی قیادت میں پارٹی کی مختلف سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کیا۔ وہ ضلع کانگریس کمیٹی میں مختلف ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور سابق میں مشترکہ ضلع کے ترجمان کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
Advertising

اندرا بھون، نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں کانگریس کے قائد راہل گاندھی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے ایس سی ڈپارٹمنٹ کو مزید مضبوط بنانے کے سلسلے میں رہنماؤں کو رہنمائی فراہم کی اور اجلاس کے بعد پارٹی قائدین سے ملاقات بھی کی۔

اس موقع پر درگم شیکھر نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ان پر جو اعتماد کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ، ایس سی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین و رکن اسمبلی کاوم پلی ستیہ نارائنا سمیت کانگریس کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ایس سی ڈپارٹمنٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کریں گے۔
Advertising

انہوں نے اپنی تقرری میں تعاون کرنے پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا، وزراء جوپلی کرشنا راؤ، سیتکا، وویک وینکٹ سوامی، رکن اسمبلی پریم ساگر راؤ، ڈی سی سی صدور ویڈما بھوجّو پٹیل، نریش جادھو، کانگریس انچارج کندی سرینواس ریڈی، آڈے گجیندر اور دیگر قائدین سے اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنے سیاسی رہنما مرحوم سی آر آر (رام چندر ریڈی) کے نام منسوب کیا۔
Advertising

Advertising


